ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا

Spread the love

جس میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی تحقیقی شعبوں کے طلباء و طالبات تعلیمی و انتظامی افسران اور دیگر ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مانسہرہ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ہائیر ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹیHERAپشاور اور اینٹی نارکوٹکس فورس خیبر پختونخواہ کے باہمی اشتراک سے “امن اور برداشت۔طلباء کی مرکزیت اور منشیات کے استعمال کے مضر اثرات “کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ HERAکی پروگرامز ڈائریکٹر فائزہ شہزادہ نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن ، برداشت اور ملک سے محبت پاکستانیوں کا خاصہ ہوا کرتی تھی جو سماجی و معاشرتی ناہمواریوں کے سبب معدوم ہوتی جارہی ہے جس کے احیاء کے لئے ضروری ہے کہ اساتذہ کرام اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے نوجوان طلباء میں اس احساس کو بیدار کرتے ہوئے جذبہ حب الوطنی پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان سے باہر جا کر معلوم ہوتا ہے کہ کچھ عناصر مذموم مقاصد کے تحت پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑتے ہیں جس کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم پاکستان کا خوبصورت اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لائیں اور یہ ثابت کریں کہ پاکستانی نہ صرف اپنے ملک بلکہ دنیا کے دیگر خطوں میں بھی امن چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹیNACTAنیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ بنانے کے لئے دن رات کوشاں ہے اور اس ضمن میںاعلیٰ تعلیمی اداروں کے نوجوان ریسرچرز کی تحقیقی سفارشات حکومتی مقاصد کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء اور ریسرچرز پر زور دیا کہ وہ منشیات، دہشت گردی کے سدباب اور ان جیسے دیگر موضوعات پر تحقیقی سرگرمیاں شروع کریں جس کے لئے NACTAنہ صرف فنڈزفراہم کرے گی بلکہ تحقیق کے نتیجے میں سامنے آنے والی سفارشات کو نیشنل ایکشن پلان کا حصہ بھی بنائے گی۔سیمینار سے اینٹی نارکوٹکس فورس خیبر پختونخواہ کے پراجیکٹ آفیسر احماس بن طارق نے بھی خطاب کیا اور ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے نوجوانوں پر منشیات کے نقصانات،ANFکے اغراض و مقاصد، ملکی و بین الاقوامی معاہدوں اور پاکستان میں منشیات کی روک تھام کے لئے کی جانے والی کارروائیوں کے بارے میں بریف کیا۔ انہو ںنے کہا کہ شرکاء سے کہا کہ ANFنہ صرف منشیات کی پیداوار کی روک تھام کے لئے کام کرتی ہے بلکہ اس سے فراہمی اور اس سے وابستہ افرادکی بیخ کنی بھی ANFکے معمولات کا حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی محکمہ یا ادارہ انفرادی طور پر اس معاشرتی برائی کو ختم نہیں کر سکتا بلکہ یہ معاشرے کی مجموعی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے عناصر کے سدباب کے لئے حکومت کا ساتھ دے اور اگر معاشرے کے کسی فرد کے نوٹس میں یہ برائی آئے تو وہ متعلقہ اداروں کو معلومات فراہم کرے تاکہ نوجوانوں کو اس لعنت سے بچانے میں حکومتی کوششیں بارآور ثابت ہوں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا معاشرہ مشترکہ خاندانی نظام پر کھڑا ہے لیکن پھر بھی معاشرتی ناہمواریوں کی وجہ سے نوجوان منشیات کی لعنت میں مبتلاء ہو رہے ہیںجس کے لئے ضروری ہے کہ بچوں کو گھر کے اندر پیار کا ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنے مسائل اپنے والدین کے سامنے رکھ سکیں جس سے ان میں خود اعتمادی پیدا ہوگی اور وہ بری صحبت سے بچ سکیں گے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبروں کو منکرین کے سامنے بھی نرمی سے بات کرنے کی تلقین کی اور ہم دین کے انہی اصولوں کو اپناتے ہوئے اپنے بیشتر مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔ فاٹا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد جہانزیب خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی طور پر کوئی بھی انسان شدت پسند نہیں ہوتا بلکہ گھریلو حالات، بری صحبت اور معاشرے میں پائے جانے والے تضادات اس شخص کو انتہائی اقدام تک لے جاتے ہیں جس سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے بچوں اور نوجوانوں کو دوستانہ ماحول فراہم کریں تاکہ وہ اپنے آپ کو تعلیم کھیل اور دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں تک محدود رکھیں اور کسی بھی منفی پراپگنڈے کا شکار نہ ہوں۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی تحقیقی شعبوں کے طلباء و طالبات، تعلیمی و انتظامی افسران اور دیگر ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں