ساہیوال( آ صف ندیم )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کا دورہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اور ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتالوں کا اچانک دورہ۔ مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولیات بارے استفسار کیا۔ ٹیچنگ ہسپتال میں زیر تعمیر سرجیکل ٹاور کا بھی دورہ۔ تمام تعمیراتی کا دسمبر تک مکمل کیا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر علی بہادر قاضی نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اور میٹرنٹی ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے میٹرنٹی ہسپتال کے دورے میں زچہ اور بچہ وارڈز اور لیبارٹری میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ وائس چیئرمین ہلال احمر سوسائٹی پیر احسان الحق ادریس نے بتایا کہ میٹرنٹی ہسپتال میں روزانہ 3 سے4 سو مریضوں کا معائنہ کیا جاتا ہے جہاں نوزائدہ بچوں کی سٹیٹ آف دی آرٹ نرسری بھی موجود ہے جبکہ ہسپتال میں حاملہ خواتین کا دو شفٹوں میں علاج ہو رہا ہے۔ انہوں نے زیر تعمیر سرجیکل وارڈ کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی جس پر کمشنر علی بہادر قاضی نے ہدایت کی کہ اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرایا جائے۔ انہوں نے ہسپتال ایڈمنسٹریٹر کی جلد تقرری کی بھی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں کمشنر ٹیچنگ ہسپتال گئے اور او پی ڈی، آئی وارڈ، ای اینڈ ٹی وارڈ اور ڈائیلسز سنٹر کا دورہ کیا۔ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید خان، شعبہ ای اینڈ ٹی کے سربراہ ڈاکٹر شاہد علی، شعبہ نیفرالوجی کے سربراہ ڈاکٹر سمیع اللہ چوہدری اور مخیر شخصیت شیخ محمد یونس (ستارہ امتیاز) نے انہیں اپنے اپنے وارڈز کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر شاہد علی نے بتایا کہ کان، ناک اور گلے کے مریض پورے ڈویژن سے ٹیچنگ ہسپتال علاج کے لئے آرہے ہیں جبکہ ھسپتال میں وہ واحد ڈاکٹر ہیں جس وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ حکومت مزید سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی فوری بھرتی کی اجازت دے۔ ڈاکٹر سمیع اللہ چوہدری نے محدود وسائل کے باوجود روزانہ سینکڑوں مریضوں کے ڈائیلسز کی ضروریات پوری کرنے میں درپیش مشکلات کا ذکر کیا اور مزید فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کی استدعا کی تاکہ ڈائیلسز کا کوئی مریض علاج سے محروم نہ رہے۔ بعدازاں کمشنر علی بہادر قاضی نے زیر تعمیر سرجیکل ٹاور کا بھی دورہ کیا اور محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی کہ وہ دسمبر تک تمام تعمیراتی کام مکمل کر لیں تاکہ اسے فعال بنایا جا سکے۔ انہوں نے ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کو ہسپتال میں قرآنی آیات کی کیلی گرافی کرانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل اور ڈاکٹروں کی شدید کمی کے باوجود علاقے کی طبی ضروریات پورا کرنے پر ہسپتال کا عملہ لائق تحسین ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ جو مریض بھی ہسپتال آئے اسے صحت یابی تک تمام طبی سہولیات یقینی بنائی جائیں
