ایک وقت تھا جب میں اسے کتابوں میں تلاش کر رہا تھا اور مجھے ایسی کتابیں نہیں مل رہی تھیں۔
میںری خوش بختی کے مجھے بہت سے صاحب کتاب لوگوں کی صحبت میسر رہی اور میں ہمیشہ اُن سے اپنے مطالعہ کے لیے کتابیں تجویز کراتا۔جن میں سے اکثر کتب بالکل ہی مختلف موضوعات پر ہوتیں مگر وہ بالکل نہیں جس کی تلاش مجھے تھی۔ ایک ایسی کتاب جو میری تلاش کے راز رکھتی ہو۔ جو میرے سوالات کے جواب فراہم کرتی ہو۔ وہ کتاب نہیں مل رہی تھی۔
پھر وہ وقت بھی آیا جب مجھے وہ کتابیں مل گئیں، اور دوران مطالعہ میں نے یہ سوچا کہ سب کچھ ان میں ہے۔
اور پھر اس سال ہا سال کے مطالعہ کے بعد یہ بھی سمجھ میں آنے لگا کہ ان میں کچھ بھی نہیں ۔۔
اس میں آپ کو تضاد نظر آئے گا ایک paradox ۔۔۔ مگر یہ سب ایک سالک کے مراحل ہیں۔۔۔اور یہ مراحل ضروری ہیں راہ سلوک پر ۔۔۔
مولوی جلال الدین کو بھی ایسا لگتا تھا کہ سب کچھ کتاب میں ہے جب تک اُن کا سامنا شمس تبریز سے نہ ہوا تھا۔۔۔جن کی نگاہ ناز نے کتاب سے یوں آزاد کیا کہ مولوی جلال الدین کو مولائے روم کرتے ہوئے مثنوی جیسی کتاب تصنیف کر ڈالی جو آٹھ سو برس سے لوگوں کو آزاد کرنے میں سہولت کار بنتی ہے۔
آزادی شمس سے ملتی ہے مگر مولوی جلال الدین کو جو اپنا جہان کتب کا جہان بنائے بیٹھا ہے۔۔ یہ ضروری مرحلہ ہے۔ یہ سب مراحل ہیں
آپ مجھ سے کتابیں تجویز کرنے کے بارے لکھتے رہتے ہیں ۔ اور شاید آپ کو اس بابت میں جواب نہ موصول ہونے پر مایوسی بھی ہوتی ہو گی۔
دراصل وہ سب جو مجھ سے کتابوں کا پوچھتے ہیں مجھے وہ ابتدائی سالک نظر آتے ہیں ، وہ جو نیم ترچھی نظروں کا شکار ہو رہے ہوں۔ اور میں آپ کے اس thrill کو خراب نہیں کرنا چاہتا ۔ میں نہیں چاہتا کہ میں آپ کو بیساکھی دوں جب کہ آپ خود سے بہت تیزی سے دوڈ سکتے ہیں۔ میرے بیساکھی پکڑا نے سے آپ کی رفتار دھیمی پڑ جائے گی۔
آپ ہی تو سنجیدہ لوگ ہیں
آپ اس پہلے مرحلے میں ہیں۔
اس ساری تلاش کو ایک مخصوص انداز میں اس طرح تراشا گیا ہے ان تمام مراحل کے بعد احساس ہوتا ہے کہ کون سی کتابیں مفید ہیں اور ان کتابوں کا واقعی استعمال کیا ہے۔
یہ معاملہ کتابوں کے رد کرنے یا قبول کرنے کا نہیں ہے۔ بلکہ صیح کتب کے صیح مطالعہ کی صلاحیت حاصل کرنا ہے۔ اپنے اندر کی ایک capacity building ہوتی ہے۔
لوگ ہمیشہ یہ کیوں سوچتے ہیں کہ کونسی کتابیں اچھی ہیں بغیر یہ سوچے کہ کیا وہ خود بطور قاری اُن کتابوں سے فائدہ اُٹھانے کی حالت میں بھی ہیں یا نہیں۔۔۔
جب مجھے یہ سکھایا گیا کہ ایک مخصوص کتاب کو پڑھنے سے پہلے لازم ہے کہ مختلف موضوعات پر پندرہ سے بیس دیگر کتابیں پڑھنی ہیں تب ہی آپ کے اندر وہ صلاحیت پیدا ہو گی کہ آپ اس کتاب سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔۔ تو یہ بظاہر طویل نظر آتا ہے اور اسی لیے ماڈرن لوگ جو instant معاشرے میں زندگی کا تجربہ کر رہے ہیں وہ اپنے comfort zone میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں اور اس طریقہ تعلیم کو یا تو فرسودہ سمجھتے ہیں یا اس کے متبادل طریقہ کو تجویز بھی کرتے ہیں اور دور جدید میں معلومات کی ترسیل کی فراوانی کو بھی ایک تاویل بنا کر پیش کرتے ہیں۔ لیکن یہ سب اپنے comfort zone میں رہنے کی تاویلیں تلاش کرنے کے سوا کچھ نہیُں۔
اس ساری توڑ پھوڑ کا ہونا لازم ہے کیونکہ اسی توڑ پھوڑ میں سے نئی تعمیر کا کام شروع ہو گا۔
یہ سب باقاعدہ ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ علم صرف اہل لوگوں تک ہی پہنچ پائے۔ یاد رکھیے آپ راز جاننے کی کوشش میں ہیں؟ کیا یہ جانتے ہیں کہ راز کس کو دیا جاتا ہے؟ راز ملنے کی صرف ایک اہلیت ہے
اور وہ یہ کہ آپ راز کو راز رکھ پاتے ہیں یا نہیں ۔۔۔
تو اب یہ راز کو راز میں رکھنا یہ ہے eligibility criteria…تو اب آپ کے اندر یہ capacity build ہو گی۔۔
یہ تمام مراحل مل کر آپ کو اہل بناتے ہیں ۔ آپ بڑی ہمت والے ہیں ۔
وہ تلاش سے نہیں ملتا مگر ملتا متلاشی کو ہے۔
کتاب پر خیال کم دیں ، کتاب میں جو خیال دیا گیا ہے اُُس پر توجہ مرکوز کریں۔ یہ ہے آپ کے لیے مشورہ جو مجھ سے کتاب تجویز کروانا چاہتے ہیں۔
کتاب پر دھیان نہیں کتاب میں دھیان دینا ہے۔
دُعا گُو :صاحبزادہ محمد عاصم مہاروی چشتی
