جیکب آباد(نامہ نگار)جیکب آباد میں کسٹم انٹیلی جنس کی کامیاب کاروائی، کروڑوں روپے مالیت کی انڈین و چائینیز آرٹی فیشل جیولری سے بھرا کنٹینر تحویل میں لے لیا، ایک ملزم گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ سکھر کی ایک ٹیم نے سپریڈنٹ علی احمد تالپور کی سربراہی میں جیکب آباد کی شنمبے شاہ پولیس چوکی کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی جانے والے ایک ٹرالر کو روک کر اس میں رکھے گئے کنٹینر میں سے کروڑوں روپے مالیت کی انڈین و چائینیز جیولری برآمد کرلی ہے اور ایک ملزم محمد اسماعیل کو گرفتارکرلیاہے اس سلسلے میں رابطے پر سپریڈنٹ کسٹم انٹیلی جنس سکھر علی احمد تالپور نے بتایا کہ یہ کاروائی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس حیدرآباد سلیم احمد میمن کی خصوصی ہدایات پر کی گئی ہے برآمد شدہ جیولری کی مالیت دس کروڑروپے سے زائد ہے یہ جیولری کنٹینر میں رکھے گئے کارٹن میں چھپائی گئی تھی جوکوئٹہ سے کراچی اور بعد ازاں اندرون ملک لیجائی جانی تھی۔
