وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے عشرہ رحمت العالمین منانے کا جامع پروگرام ترتیب دے دیا

Spread the love

ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت نے عشرہ رحمت العالمین منانے کا جامع پروگرام ترتیب دے دیا ہے جس سے عوام کو سیرت النبی کے مختلف پہلوں سے روشناس کرانے میں مدد ملے گی۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے اپنے دفتر میں پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے ہونے والے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز واجد علی شاہ، کیپٹن (ر) علی اعجاز اور احمرسہیل کیفی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر کالجز محمد مسعود فریدی اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری و نجی سکولوں اور کالجوں میں قرآت، نعت خوانی اور تقریری مقابلے تحصیل اور ضلعی سطح پر منعقد کرائے جائیں تاکہ نئی نسل میں سیرت النبی کے مختلف روشن پہلووں سے آگاہی ہو اور ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انہوں نے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام قرآنی آیات کی خطاطی، نعتیہ مشاعرہ، محافل میلاد اور محافل سماء منعقد کرانے کی بھی ہدایت کی جس پر ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ آرٹس کونسل نے عشرہ رحمت العالمین کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دئے ہیں جن میں عوام کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ کو سرکاری عمارتوں پر چراغاں کرنے، شہروں کے داخلی دروازوں پر درود پاک کی فلیکسز لگانے اور اہم شاہراہوں پر سیرت النبی کے مختلف پہلووں کو اجاگر کرنے کے لئے سٹیمرز لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ان روحانی محافل میں عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے پروگراموں کی موثر تشہیر اور مقامی سیاسی قیادت کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں