جیکب آباد(نامہ نگار)جیکب آباد میں ہلال احمر کی جانب سے بینظیر مدراینڈ چائلڈ اسپتال کے مرکزی گیٹ پر لیبارٹری کے لیے بنائی گئی دو دوکانیں لاکھوں روپیوں کے عیوض فروخت کرنے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ہلال احمر کی جانب سے بینظیر مدراینڈ چائلڈ اسپتال کے مرکزی گیٹ پر لیبارٹری کے لیے بنائی گئی دو دوکانیں لاکھوں روپیوں کے عیوض فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جیکب آباد میں ایک طرف انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف بااثر قبضہ مافیا سرکاری اراضی پر قبضے کرنے میں مصروف ہے، شہر کے اہم مصروف ڈی سی چوک پر واقع ہلال احمر کی بینظیر مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے مرکزی گیٹ پرمبینہ قبضہ کرکے دو دوکانیں تعمیرکرنے کی شکایات کے بعد دوکانوں پر لیبارٹری کا بورڈ لگایا گیا تھا جب دوکانوں کی تعمیر مکمل ہو گئی تو قبضہ مافیا نے یہ دوکان لاکھوں روپیوں کے عیوض فروخت کرنے کی اطلاعات ہیں جس کے بعد دوکان خریدنے والوں نے کمپنی کی فرنچائز قائم کی ہے، جیکب آباد میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات آپریشن میں دہرے معیار سے شہری سخت پریشان ہیں غریبوں کی دوکانیں اور املاک کو مسمار کیا جارہا ہے جبکہ بااثروں کے قبضوں کو ہاتھ تک نہیں لگایا گیاسپریم کورٹ کے جانب سے بااثرو ں کے قبضے ہٹانے کے واضح احکامات کے باوجود انتظامیہ کچھ نہیں کر سکی ہے، تجاوزات ختم کرانے کے بجائے ضلع انتظامیہ اور ہلال احمر کے حکام کی ملی بھگت سے سرکاری اراضی پر قبضوں کا سلسلہ نہ رک سکا ہے قبضہ مافیا عدالتی احکامات پر عمل کرنے کے بجائے دیدہ دلیری سے سرکاری اراضی پر قبضوں میں مصروف ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ بااثروں کو جیسے سرکاری اراضی پر قبضوں کے اجازت دے دی گئی ہے تو پھر غریبوں کی املاک کو کیوں مسمار کیا جا رہا ہے یہ زیادتی ہے، شہر میں متعدد دوکانیں مسمارکرکے سینکڑوں افراد کو بے روزگار کیا گیا ہے دوسری جانب ہلال احمر جیکب آباد کے سیکریٹری صلاح الدین بگٹی نے رابطے پر بتایا کہ بالا حکام کو تعمیر کی گئی دوکانوں میں لیبارٹری کے قیام کے لئے لکھا جس پر ہدایت ملی کہ لیبارٹری ہیڈ آفیس منتقل کی جائے کورونا کی وجہ سے فنڈ نہیں ہیں اس لیے دوکان اچھا کرائے دینے والے کو دی جائیں کرائے کے لئے درخواستیں بالا حکام کو بھیجیں جس کے بعد 30،30ہزار ماہانہ کرائے پر دوکانیں دی گئی ہیں۔
