عشرہ رحمت اللعالمین منانے کا مقصد نوجوان نسل کو حقیقی اسلامی اقدار سے روشناس کرانا

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ عشرہ رحمت اللعالمین منانے کا مقصد نوجوان نسل کو حقیقی اسلامی اقدار سے روشناس کرانا اور انہیں حضور ﷺکی سیرت طیبہ سے آگہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی زندگیاں اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق بسر کر کے ملک کو ایک حقیقی فلاحی اسلامی ریاست بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ کیلی گرافی ایک ایسا فن ہے جس کے ذریعے قرآنی تعلیمات کو عام آدمی تک پہنچانے میں بڑی مدد لی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات عشرہ رحمت العالمین کے سلسلے میں ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام خطاطی کے مقابلوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق اور اسسٹنٹ ڈائیریکٹر وسیم اکرم بھی تقریب میں موجود تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کے بنائے ہوئے خطاطی کے فن پاروں کے معیار کو سراہا اور تمام فن پاروں کی 12 ربیع الاول تک نمائش کی ہدایت کی تاکہ عام لوگ بھی انہیں دیکھ سکیں۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ مقابلوں میں پورے ڈویژن سے 31نوجوانوں جن میں مختلف کالجز کے طلبہ و طالبات بھی شامل ہیں شرکت کر رہے ہیں جس سے انہیں اپنا ٹیلنٹ سامنے لانے میں بڑی مدد ملے گی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے کیلی گرافی کے تمام فن پارے دیکھے اور ان کے معیار کو سراہا۔ قبل ازیں انہوں نے گورنمنٹ بوائز اور گرلز کالجز میں عشرہ شان رحمت العالمین کے سلسلے میں ہونے والے قرآت اور نعت خوانی کے ڈویژنل مقابلوں کی بھی صدارت کی جس میں تینوں اضلاع سے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود احمد فریدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قرآت مقابلے میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وومن پاک پتن کی طالبات ثانیہ ریاض نے پہلی اور کنزہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ پنجاب کالج دیپالپور کی طالبہ تعظیم فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح نعت خوانی کے مقابلہ جات میں گورنمنٹ گریجوایٹ کالج فار وومن ساہیوال کی طالبہ خدیجہ سلیم نے پہلی، پنجاب کالج ساہیوال کی طالبہ جاویریہ ناصر نے دوسری اور سیدہ ارش زہرا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے طلبہ و طالبات کی قرآت اور نعت خوانی کے معیار کو سراہا اور ہدایت کی کہ اس طرح کے مقابلے کرائے جانے چاہیں تاکہ طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ عشرہ رحمت العالمین کے سلسلے میں میٹروپولیٹن کارپوریشن میں محفل نعت بھی منعقد ہوئی جس میں بلدیہ ملازمین کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محفل میں معروف نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت کے ذریعے حضورﷺ سے اپنی محبت اور عقیدت کا والہانہ اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں