جیکب آباد(نامہ نگار) جے یو آئی اور جے ٹی آئی کی جانب سے پی ڈی ایم کی اپیل پر مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کی جانب سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ایک احتجاجی جلوس جے یو آئی کے مرکزی سالار انجینئر عبد الرزاق عابد لاکھو، ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا سلیم اللہ بروہی، انجینئر حماداللہ انصاری، محکم الدین بروہی، مولانا شاہمراد جکھرانی، محمد الیاس بروہی، محمد پناہ بروہی، محمد موسیٰ مہر اور دیگر کی قیادت میں جیکب آباد کے گاؤں محمد پناہ بروہی کی امرو ٹی جامع مسجد سے نکالا گیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نااہل حکومت نامنظور، مہنگائی نامنظور، بیروزگاری نامنظور جیسے نعرے درج تھے مظاہرین نے مختلف راستوں پر نعرے لگاتے ہوئے مولانا عبیداللہ سندھی چوک پر دھرنا دیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے، اس موقع پر مقررین نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے جس سے غریبوں کی چیخیں نکل چکی ہیں ملک کی 74سالہ تاریخ میں اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی اس عمران سرکار کے دور میں ہوئی ہے، مہنگائی اور بیروز گاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے غریب عوام اپنے پیٹ کے لیے کریں یا علاج اور بچوں کے تعلیم کے لیے؟ انہوں نے کہا کہ اب اس نالائق حکومت کو گہر بھیج کر چین کی سانس لیں گے۔
