ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم )صوبائی وزیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت مستحق اور معذور افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لئے متعدد منصوبوں پرعمل پیرا ہے تاکہ انہیں ہنر سکھا کر معاشی خود کفالت دی جاسکے-خصوصی افراد کی مدد معاشرے کے تما م صاحب حیثیت افراد کی ذمہ داری ہےاور انہیں اپنے مال سے ایسے افراد کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے -انہوں نے یہ بات بلدیہ ہال چیچہ وطنی میں بیوہ خواتین ،معذور افراد اور نادار خاندانوں میں سلائی مشین ،ویل چیئر اور امدادی چیک تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا اہتمام محکمہ سوشل ویلفیئر نے کیا تھا -تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اوکاشا رسول ،چیئر مین ضلعی بیت المال کمیٹی محمد عمران وڑائچ اور سوشل ویلفیئر آفیسرز محمد عباس چوہان ،نعیم گلزار اور چوہدری عبدالرحمن کے علاوہ عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی -تقریب میں المحمود ویلفیئر فاﺅنڈیشن کی طرف سے خصوصی افراد کے لئے 30ویل چیئرز عطیہ کی گئیں جبکہ امین پنجاب بیت المال کی طرف سے بیوہ خواتین کے لئے 20سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں ضلعی بیت المال کی طرف سے 165نادار اور مستحق افراد میں15لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کئے گئے -اپنے خطاب میں صوبائی وزیر ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا کہ غریب افراد کی کفالت ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے جس سے کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی -وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک کے تمام بڑے شہروں میں پناہ گاہیں بھی قائم کی جا رہی ہیں تا کہ کمزور طبقات کی کفالت ممکن بنائی جا سکے -انہوں نے المحمود فاﺅنڈیشن کی طرف سے 30ویل چیئر عطیہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیااور اسے دوسروں کے لئے مشعل راہ قرار دیا -اس سے پہلے ضلعی بیت المال کمیٹی کے چیئر مین محمد عمران وڑائچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اوکاشا رسول نے محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کی طرف سے شروع کئے گئے فلاحی پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کے بعد سلائی مشین وصول کرنے والی ایک خاتو ن شریفاں بی بی نے میڈیا کو اپنے تاثرات دیتے ھوئے بیوہ خواتین کو خود روز گار کے مواقع فراہم کرنے پر پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا –
