جیکب آباد(نامہ نگار) جمعیت طلباء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل آصف اللہ مروت نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملک بھر کے طلباء پریشانیوں کا شکار ہوچکے ہیں، نااہل حکمرانوں نے ملک کے تعلیمی نظام کو تباہ و برباد کردیا ہے ابھی تک کسی تعلیمی پالیسی کا واضح اعلان نہیں کیا گیا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے فنڈز کم کردئیے گئے ہیں جس کی وجہ سے یونیورسٹیوں اور کالجوں کی فیسوں میں اضافہ ہوگیا ہے فیسوں میں اضافے سے غریب طلباء تعلیم سے محروم ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حماد اللہ انصاری، تاج محمود امروٹی، عبید اللہ رند، محمد رضوان سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے طلباء اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، میڈیکل، انجینئرنگ، ایف ایس سی سمیت دیگر تعلیمی اداروں سے منسلک طلباء اپنی تعلیم پر توجہ دینے کے بجائے آج سڑکوں پر اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں نوجوانوں کے نام پر اقتدار کے مزے لینے والے حکمرانوں کو تمام طلباء کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے اقتدار میں آنے کے بعد تعلیمی اداروں میں قادیانیوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے حکمران قادیانیت نواز پالیسی پر عمل پیرا ہیں، انہوں نے کہا کہ عصری تعلیمی اداروں میں قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی تبلیغی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیکر قادیانیوں کی تبلیغی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے، جے ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان باعث تشویش ہے خصوصاً وفاقی دارلحکومت سمیت ملک کے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال بڑھتا جارہا ہے جس کی روکتھام کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے نوجوانوں کا مستقبل بچاسکیں، آصف اللہ مروت نے کہا کہ نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے ملک بھر کے طلباء کو قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کا ساتھ دینا ہوگاپی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک میں طلباء کو میدان میں آنا ہوگا تاکہ نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کی جاسکے۔
