ساہیوال چوہدری محمد آ صف ندیمۛ
عوام کے مسائل سنے اور موقع پر ہی حل کے احکامات جاری کئے. اراضی ریکارڈ سنٹر سے متعلق شکایات پر اظہار ناراضگی.
ڈپٹی کمشنر کو سنٹر سے متعلق عوامی شکایات کو فوری حل کرنے کی ہدایت
ساہیوال: کمشنر ڈویژن علی بہادر قاضی نے پنجاب حکومت کے احکامات کے تحت عوام کے محکمہ ریونیو سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیئے ضلع کونسل ہال میں ریونیو کھلی کچہری لگائی۔
جس میں بڑی تعداد میں سائلین نے شرکت کی۔
زیادہ تر شکایات اراضی ریکارڈ سنٹر سے داد رسی نہ ہونا، اراضی کے ونڈاجات کے مسائل اور سرکاری اراضی پر قبضوں سے متعلق تھیں۔
کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ اور اے ڈی سی فنانس یاسر فرید بھی موجود تھے۔ چک نمبر 58/5-Lکے منور اقبال نے اپنی درخواست میں اراضی ونڈا نہ ہونے کی شکایت کی جس پر کمشنر نے تحصیل دار کو ہدایت کی کہ سائل کا مسئلہ اگلی کچہری تک حل کر کے انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔ موضع سجاول کے محمد رمضان نے شکایت کی کہ ان کی اراضی کا ونڈا ہو چکا ہے لیکن عمل درآمد نہیں ہو رہا جس پر کمشنر نے ناراضگی کا اظہار کیا اور 15روز میں عمل درآمد کی ہدایت کی۔ ہڑپہ سٹیشن کی شازیہ پروین اور چک نمبر 141/9-Lکے محمود الحسن نے بھی اراضی ریکارڈ سنٹر ساہیوال میں دادرسی نہ ہونے کی شکایات کیں جس پر کمشنر علی بہادر قاضی نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال کو ہدایت کی کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے جس سے متعلق روزانہ شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ اسی طرح چک نمبر 104/7Rکی نور بی بی نے اپنی اراضی پر بھائی کی طرف سے قبضہ کرنے کی شکایت کی۔ کھلی کچہری میں پیش ہونے والی زیادہ تر شکایات اراضی کی تقسیم اور ونڈا جات سے متعلق تھیں جن پر کمشنر نے تحصیلدار کو عمل درآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کی مشکلات کو حل کرنا ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے ریونیو سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ عوام تک اپنی رسائی آسان بنائیں اور ان کے مسائل کو پروایکٹیو اپروچ سے حل کریں تاکہ کھلی کچہری لگانے کا پنجاب حکومت کا مقصد پور ا ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہر شخص کے لئے کھلے ہیں-ریونیو خدمت کچہری حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے جہاں ریونیو معاملات سے متعلق عوام کے مسائل ایک ہی چھت تلے حل کیئے جاتے ہیں-
