جیکب آباد(نامہ نگار)پی ڈی ایم سندھ کے صدر اور جمعیت علماء اسلام کے جنرل سیکریٹری علامہ راشدمحمودسومرو نے کہاکہ کرکٹ میچ ہارنے پر کپتان کوکوسنے والے ملک کی معیشت کو تباہ کرنے پر کیوں کچھ نہیں بول رہے کیا کھیل ملک سے زیادہ عزیز ہے کھیل میں شکست قبول نہیں تو ملک کی تباہی کو کیسے قبول کیا جارہے، عمران خان کو اب عوام نے پہچان لیاہے عوام اب کسی صورت عمران خان کو مزید ایک بھی دن قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ سندھ کے بے حس حکمران بتائیں کہ وہ کب تک سندھ کے وسائل زمین اور جزائر کو بیچتے رہیں گے اور کب تک کمیشن لیتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا جب احتساب نہیں ہورہاہے تو ان کے وزراء اور ممبر اسمبلی بھی فرعون بن کر قرآن مجید، نوجوان اور خواتین کو گولیاں مارکر شہید کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک کو مولانا فضل الرحمن نے شعور دیا ہے اور مولانا فضل الرحمن ہی ملک کو متبادل قیادت فراہم کرکے مسائل سے باھر نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 13 نومبر بروز ہفتہ ریگل چوک صدر کراچی میں مہنگائی کے خلاف بڑا مظاہرہ ہوگا جبکہ 27 نومبر بروز ہفتہ کو لاڑکانہ میں بھی سندھ کی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ ہوگا جس میں لاکھوں لوگ شریک ہوں گے۔
