جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں شوہر نے اپنی بیوی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، خاتون کا چہرہ اور جسم کا کافی حصہ جھلس گیا، خاتون نازک حالت میں اسپتال منتقل،پولیس نے شوہر کو گرفتار کرلیا، شوہر کا بیوی پر خود آگ لگانے کاالزام۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے اے سیکشن تھانہ کی حدود بائے پاس کے مقام پر محمد مٹھل لاشاری نے گھریلو تنازعہ پر اپنی بیوی مسمات حوا خاتون پر مبینہ پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے خاتون کاآدھا چہرہ اور جسم کا کافی حصہ جھلس گیا اور خاتون شدید زخمی ہوگئی، متاثرہ خاتون کے مطابق شوہر نے آگ لگانے کے بعد ایک ہفتے تک گھر میں ہی قید کرکے رکھا اور بعد میں اپنے سسرعلی اکبر لاشاری کے گھر چھوڑ کر فرار ہوگیا، زخمی خاتون کے والد نے اپنی بیٹی کو نازک حالت میں دیکھ کر تھانہ لے گیا جہاں جھلس کر زخمی ہونے والی متاثرہ خاتون مسمات حواخاتون نے میڈیا کو بتایا کہ میرا شوہر چار سالوں سے مجھے تشدد کا نشانہ بناتا رہا ہے، 6روزقبل گھر میں مجھ پر پیٹرول چھڑ ک کر آگ لگا دی جس سے میراچہرہ اور جسم جل گیااور میں گھر میں تڑپتی رہی لیکن اس نے میرا علاج تک نہیں کرایا اور گھر میں قید کرکے دھمکی دی کہ اگر اپنے والدین کو بتایا تو تمہیں اور تمہارے بچوں کو قتل کردوں گا، زخمی خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا شوہر ظالم ہے اس پر بدترین تشدد کرتا ہے اور میرے دو بچوں کی جان کو بھی خطرہ ہے اس لیے میں اس کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی، ادھر جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون کے والدین علی اکبر لاشاری، مسمات قائماں خاتون نے تھانہ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ظالم شخص کو گرفتار کرکے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے، دوسری جانب حدود کی اے سیکشن پولیس نے ملزم محمد مٹھل لاشاری کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزم محمد مٹھل لاشاری نے کہا کہ میں نے آگ نہیں لگائی بیوی نے خود کو آگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی ہے جس کی اطلاع میں نے اس کے بھائی کو بھی دی لیکن اب یہ مجھ پر جھوٹا الزام عائد کررہے ہیں، تاہم آخری اطلاعات تک مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔
