جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں پرائمری اسکول کے کلاس کی چھت کے چھاپڑ دھماکے سے گر پڑے،کلاس روم میں موجود طلباء و اساتذہ معجزانہ طور پر بچ گئے، طلباء و اساتذہ کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب گاؤں حاجی لکمیر بروہی کے گورنمنٹ پرائمری اسکول میں جاری کلاس کے دوران اچانک کلاس روم کی چھت کے چھاپڑ دھماکے سے گر پڑے اور کلاس روم میں موجود طلباء و اساتذہ میں بھگدڑ مچ گئی، کلاس روم کی چھت گرنے سے طلباء و اساتذہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے، اسکول کے طلباء و اساتذہ نے اسکول کی زبون حالی اور آئے روز اسکول کے کلاس رومز کی چھت کے پلسٹر گرنے کے واقعات کے خلاف احتجاج کیا، اسکول کے ہیڈ ماسٹر ایاز حسین پیچوہو کا کہنا تھا کہ 2010 میں اسکول کی عمارت تعمیر ہوئی ہے لیکن ناقص مٹیریل کے استعمال کی وجہ سے اسکول مکمل زبون حال ہوچکا ہے، کئی بار حکام کو لکھا ہے کہ اسکول کی مرمت کرائی جائے تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے لیکن اس کے باوجود کسی نے کوئی نوٹس نہیں لیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکول کی فلفور مرمت کی جائے۔
