جماعت اسلامی جیکب آباد کے تحت سیرت محمد مصطفی کانفرنس کا انعقاد

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار)جماعت اسلامی جیکب آباد کے تحت سیرت محمد مصطفی کانفرنس کا انعقاد مسجد نور ایمان میں کیا گیا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ پروفیسر نظام الدین میمن نے کہا کہ انسانی زبان آپﷺ کی تعریف کرنے کا حق ادا کرنے سے قاصر ہے کیونکہ جب قرآن کریم اس بات کا گواہ ہے کہ اللہ اور ملائکہ آپﷺ پر درود پڑھتے ہیں تو انسان کی کیا حیثیت آپﷺ پر درود پڑھنا خود ہماری اپنی ضرورت ہے اس لیے کہ اس سے ہماری شان و عزت میں اضافہ ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی رحمت و برکت نازل ہوتی ہے یاد رکھنا چاہیے کہ آپ ﷺ پر درود پڑھنے سے آپ ﷺ کی رفعت و شان پر کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے “اور ہم نے آپ کے ذکرکو بلند کیا ہے” پروفیسر نظام الدین میمن نے مزید کہا کہ سیرت محمد مصطفیﷺکا سب سے بڑا اور مستند ماخذ قرآن کریم ہے اور اللہ رب العالمین کا قرآن کریم کی حفاظت کا ذمہ دراصل آپﷺکی سیرت مبارکہ کو محفوظ کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ آپ ﷺ نے دنیا کے سامنے دین حق اسلام کی تعلیمات، حقائق اور صداقت کو اپنے قول و عمل سے پیش کرکے دکھایا ہے اور اس طرح آپ ﷺ روز قیامت اللہ تعالی کی عدالت میں انہی دونوں قولی و عملی شہادتوں پیش کر کے اخروی شہادت دیں گے کہ آپ ﷺنے دعوت دین پہنچانے کا حق ادا کردیا،انہوں نے کہا کہ آپﷺنے کبھی کسی سے ذاتی انتقام نہیں لیا، البتہ دین اسلام کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے جہاد کیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہم نبی کریم ﷺکے خاکے شائع کرنے والے ملک فرانس کو اللہ کے دین سے بغاوت اور اس کی راہ میں رکاوٹ گردانتے ہوئے اس سے ہر قسم کے تعلقات کو منقطع کرنا چاہتے ہیں، جب تک وہ اپنی ان حرکات پر امت مسلمہ سے معافی نہ مانگ لے، کانفرنس جس میں بہت بڑی تعداد کارکنان جماعت اور مختلف مکتبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے عام افراد کے ساتھ امیر ضلع دیدار علی لاشاری، امیر شہرہدایت اللہ، نائب امیر محمد حنیف کھوسو،قیم شہر علی حیدر چاچڑ، پریم یونین کے مرکزی رہنما حاجی غوث بخش لاشاری، صحافی اعجاز میمن شامل تھے، جلسہ سے ضلعی امیر دیدار علی لاشاری نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں