خیبر پختون خوا کی 64 تحصیلوں میں سے 55 کا غیر سرکاری نتیجہ آگیا، نتیجے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 50 تحصیلوں میں کامیابی ملی، تحریک انصاف کے امیدوار 13 تحصیلوں میں کامیاب ہوئے، آزاد امیدوار 9 اور اے این پی نے 6 تحصیلوں میں کامیابی سمیٹی، جبکہ مسلم لیگ (ن) 3 ، جماعت اسلامی 2 نشست، ٹی آئی پی اور پیپلز پارٹی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوئیں۔
بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے، جبکہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں چیئرمین تحصیل کونسل کی نشست پر پولنگ نہیں ہوئی ، یہاں پولنگ اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کے بعد پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔
سٹی کونسل کی بھی ایک نشست ڈی آئی خان پر پولنگ نہیں ہوئی، یہاں اے این پی کے امیدوار کو قتل کیے جانے پر پولنگ ملتوی ہوئی، یعنی مجموعی طور پر تحصیل کونسلز کی 60 اور سٹی کونسلز کی 4 نشستوں پر انتخابات ہوئے۔
بنوں میں خانہ بدوش خاتون نے کونسلر کا معرکہ جیت لیا
اب تک17 اضلاع کی 60 تحصیل کونسلز میں سے 52 کے نتائج سامنے آچکے ہیں جن میں سے 17 نشستیں جے یو آئی، 14 پی ٹی آئی اور 9 آزاد امیدواروں نے جیتیں جب کہ اے این پی نے 5، ن لیگ نے 3، جماعت اسلامی نے 2، پیپلزپارٹی اور تحریک اصلاحات پاکستان نے ایک ایک نشست حاصل کی۔
وزیراعظم عمران خان کی تحریک انصاف کو ہوم گراؤنڈ پر مولانا فضل الرحمان سے شکست کا سامناکرنا پڑگیا، کوہاٹ میں جے یو آئی ف کے امیدوار شیر زمان جیت گئے، پشاور اور بنوں میں مولانا فضل الرحمان کے امیدوار جیت گئے۔
بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 17 اضلاع کی 4 سٹی کونسلز میں سے 3 میں جے یو آئی اور ایک میں اے این پی کامیاب ہوئی ہے۔
