جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم شہرکی سڑکوں پر بنائے گئے غیر قانونی سپیڈ بریکرزکی بھرمار،چوٹی نما سپیڈ بریکرز سے شہریوں کی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں۔عوامی سماجی، شہری، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین کاڈپٹی کمشنر سے غیر قانونی سپیڈ بریکرز ختم کروانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کی سڑکوں اور گلی،محلوں،بازاروں میں بااثر افراد نے جگہ جگہ سپیڈ بریکرز قائم کر رکھے ہیں جبکہ گلی محلوں میں ہر شہری نے اپنے گھر اور دکان کے سامنے سپیڈ بریکربنانا اپنا قانونی حق اور فرض سمجھ لیا ہے، شہر کے بعض علاقوں میں ہر دس گز کے فاصلے پر چوٹی نما سپیڈ بریکرز بنے ہوئے ہیں جن سے گزرنے والے موٹر سائیکل،چنگ چی رکشہ اور گاڑیاں ٹکرا کر گاڑیوں کا نقصان کرنے سمیت گاڑیوں میں سوار معمر بزرگ، خواتین، بچے اور ایمبولنسیز میں جانے والے مریضوں کو زوردار جھٹکے لگنے سے تکلیف میں اضافے کا باعث بننے ہیں، شہر کی سماجی، مذہبی، رفاعی، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر اور کالا گجراں میں تعمیر کئے گئے غیر قانونی سپیڈ بریکرز کو ختم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہریوں کی قیمتی گاڑیاں تباہی سے محفوظ رہ سکیں۔
