جہلم(چوہدری عابد محمود +شیخ ذلفی)جہلم شہر اور گردونواح کے علاقوں میں چائلڈ لیبر کی کھلے عام خلاف ورزی جاری محکمہ لیبر افسران خاموش تماشائی۔ 9سے12سال بچوں سے جبری مشقت لینے کا انکشاف،بچوں پر جنسی تشدد بھی جاری۔ محکمہ لیبر کے انسپکٹر ز نے اپنا حصہ وصول کرکے سب اچھا ہے کی رپورٹس پیش کرنا معمول بنالیا تفصیلات کیمطابق شہر اور گردونواح میں چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی پورے عروج پر ہے کمسن بچوں کو انتہائی قلیل تنخواہ پر جبری مشقت لینے کا سلسلہ اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے کم آمدنی اور متوسط طبقے کے والدین اپنے معاشی حالات سدھارنے کیلئے چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کو تعلیم دینے کی بجائے کام کروانے پر مجبور ہوچکے ہیں مختلف فیکٹریوں اور کارخانوں میں بچوں پر جنسی تشدد کی بھی اکثر اوقات خبریں ملتی رہتی ہیں۔ متعلقہ محکمے کے لیبر انسپکٹر ماہانہ بھتہ وصول کرکے سب اچھا کی رپورٹس اعلی افسران کو پیش کردیتے ہیں۔جہلم پریس کلب کے سروے کیمطابق شہر کی مختلف ورکشاپوں،کارخانوں،ہوٹلوں میں 9سے12سالہ ننھے معصوم بچوں سے مشقت لی جارہی ہے اور ان ننھے ہاتھوں سے پورا دن کام کرانے والے مالکان ہفتے بعد برائے نام پیسے دے کر احسانِ عظیم جتلاتے دکھائی دیتے ہیں ہوٹلوں اور ورکشاپوں پر چھوٹے بچوں کی تعداد ذیادہ ہے۔مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے غریب خاندانوں کی 2وقت کی روٹی پوری نہیں ہوتی اور وہ والدین بچوں سے مشقت کروانے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں عوامی سماجی حلقوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔
