جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاکفیل بیگ کیفی)جہلم پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل جہلم کے صدر چودھری راشد گھرمالہ نے کہا ہے کہ بڑی بڑی باتیں کرکے اقتدار حاصل کرنے والے حکمرانوں کے پاس بحرانوں کے حل کے لئے کوئی منصوبہ نہیں، قوم مہنگائی کی صورت میں تبدیلی کی وہ خوفناک قیمت ادا کر رہی ہے جس کا اذالہ اگلی حکومتوں کو بھی کرنا ہوگا، عوام نے عمران نیاز ی اور حکومت کیخلاف جھوٹ، بیڈ گورننس، مہنگائی، بے روزگاری کا چالان کاٹ دیا ہے اور اب انہیں بھاگنے نہیں دیں گے، تمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں کہ اس عوام دشمن ٹولے سے جان چھڑائی جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ہوشربا مہنگائی ہے جبکہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کو پاکستان میں سب سے کم مہنگائی نظر آرہی ہے، نالائق حکمران ٹولہ اپوزیشن خصوصاً مسلم لیگ (ن) کے قائد کو 4 سالوں سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے ان کی ساری توجہ کرپشن اور اپوزیشن کے رہنماؤں کی پگڑیاں اچھالنے پر ہے، عوام کو1 کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھروں کا جھانسہ دیا، لیکن سرکاری اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے ہزاروں افراد سے روزگار چھین لیا گیا، نیا پاکستان بناتے بناتے پرانا پاکستان بھی تباہ وبرباد کردیا گیا، نالائق ٹولے کی نااہلیوں سے پاکستان میں ہوشربا مہنگائی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں ہیں، مسلم لیگی رہنما چوہدری راشد گھرمالہ نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکمرانوں کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی دوسرے ملکوں سے کم ہے، جو کہ بالکل جھوٹ پر مبنی ہے، جب سے یہ نااہل ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوئی، بھیک مانگ کر ملک کو چلایا جا رہاہے، ناکامی کا یہ حال ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء بھی درآمد کی جارہی ہیں، سود پر اربوں ڈالر کا قرضہ لیا جارہاہے، آئے روز بجلی،گیس، پٹرول، ڈیزل اور اشیاء ضرویہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے جس سے غریب طبقہ فاقوں پر مجبور ہو چکا ہے۔
