ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں )پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد قمر راو نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں جدید تحقیق سے آگاہی کامیاب ڈاکٹر کیلئے سب سے اہم ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ وقت کے تقاضوں کے مطابق طبی تحقیق سے بھرپور استفادہ کریں۔ اچھا ڈاکٹر ہونے کیلئے ضروری ہے کہ پہلے اچھا انسان بنا جائے اور اس میں دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہو۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں سال 2019اور 2020کے میڈیکل گریجوایٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ سال 2019کے بہترین گریجویٹ کا اعزاز ڈاکٹر نور محمد اور سال 2020کی بہترین گریجویٹ کا اعزاز ماہ نور فاطمہ نے حاصل کیا جنہوں نے بالترتیب 6 اور 15 گولڈ میڈل حاصل کئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کالج کے بانی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد ضمیر احمد تھے جبکہ مہمان اعزاز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم تھے۔ کانووکیشن میں مختلف شعبوں کے سربراہان ڈاکٹر محبوب اختر، ڈاکٹر خلیل احمد، ڈاکٹر نثار احمد سعیدی، ڈاکٹر احمد ذیشان، ڈاکٹر رئیس عباس لیل، ڈاکٹر عمر اجمل، ڈاکٹر محمد امین، ڈاکٹر نجم الثاقب، ڈاکٹر محمد خبیب، ڈاکٹر زاہد رفیق، ڈاکٹر شاہد علی، ڈاکٹر سجاد حسین صابر، ڈاکٹر صفیہ اظہار، ڈاکٹر زریں امجد، ڈاکٹر محمد امجد، ڈاکٹر سمیع اللہ خان، ڈاکٹر محمد آصف، ڈاکٹر ہارون الرحمن گیلانی، ڈاکٹر محمد وسیم اور ڈاکٹر محمد سلیم اختر اور والدین نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچیوں کو ڈاکٹر بنانے کے بعد ان کو ملازمت کرنے کی بھی اجازت دیں تاکہ ان کی صلاحیتوں سے ملک و قوم کو فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ یہ اپنی بہت سی جہتیں تبدیل کر رہا ہے جو انسانی زندگی کے لئے بدستور خطرناک ہیں اس لئے مسلسل احتیاط اور ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بانی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ضمیر احمد نے طلبہ و طالبات کو گریجویٹ ہونے پر مباکباد دی اور کہا کہ انہوں نے جو پودا 2010میں لگایا اس کا ثمرآور ہونا لائق تحسین ہے۔ انہوں نے اپنے والد کے نام پر اگلے تعلیمی سال سے طلبہ و طالبات کیلئے ایک گولڈ میڈل دینے کا اعلان بھی کیا۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ساہیوال میڈیکل کالج کی نصابی و ہم نصابی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیااور دوسرے کالجز کے لئے مشعل راہ قرار دیا۔
