جہلم(چوہدری عابد محمود +مرزاقدیر بیگ)جہلم مہنگائی کی لہر، شہری پریشان، اشیاء خوردونوش سمیت ادویات غریب متوسط طبقہ کی پہنچ سے دور، غریب، سفید پوش طبقہ کے افراد نے وزیرا عظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق حالیہ مہنگائی کی لہر نے جہاں پر روز مرہ استعمال ہونے والی اشیاء خوردونوش کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے وہیں ادویات کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہواہے، میڈیکل سٹورز پر بہت سی ایسی ادویات ہیں جو نایاب ہو چکی ہیں کھانسی بخار اور نزلے زکام کے لئے استعمال ہونے والی عام ادویات بھی نایاب ہو چکی ہیں اس کے ساتھ ساتھ شوگر، بلڈ پریشر کی ادویات میں بھی 1 سو سے لیکر 3 سو فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ غذا کے طور پر استعمال ہونے والے خشک دود ھ کی قیمتوں میں بھی 2 سو فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، جبکہ انسانی زندگیوں کو بچانے کے لئے دل کے امراض سمیت دیگر آپریشنز میں استعمال ہونے والی ادویات بھی عام شہریوں کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہو چکی ہیں، شہریوں سمیت مریضوں اور انکے لواحقین نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان سے اشیاء ضروریہ سمیت ادویات کی قیمتوں میں کمی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
