ساہیوال ہڑپہ(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں )ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے ہڑپہ کا تفصیلی دورہ کیا اور سپیشل ایجوکیشن سکول کا افتتاح کیا، دیہی مرکز مال اور دیہی مرکز صحت 185/9L کا معائنہ بھی کیا۔سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سپیشل بچوں کے سکول کا افتتاح کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا کہ سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور سماجی تنظیمیں اور مخیر حضرات تعلیم کے شعبے میں انتظامیہ کا بازو بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کیلئے مقامی کمیونٹی بھی آگے آئے۔ سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد نے بتایا کہ نئی بھرتی سے ٹیچرز کی کمی دور ہو جائے گی اور تعلیمی نظام میں بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ پڑھے لکھے بیروزگار نوجوانوں کی خدمات مقامی سکولوں کیلئے حاصل کی جائیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے دیہی مرکز صحت 185/9Lاور دیہی مرکز مال ہڑپہ کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی مرکز مال دور دراز علاقوں کی عوام کیلئے موجودہ حکومت کا ایک تحفہ ہے اور مراکز مال سے ریونیو سے متعلقہ عوام کی شکایات میں واضع کمی آئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مرکز مال میں سائلین کیلئے واش روم اور پینے کے پانی کی سہولت بھی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مراکز صحت میں بہتر خدمات سے ہسپتالوں میں دباؤ کم ہوا ہے اور لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اورمراکز صحت پر صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔
