اسلام کسی مشتعل ہجوم کو تشدد کے بل پرانصاف کی اجازت نہیں دیتا،یہ راستہ درست نہیں. لندن (عارف چودھری)
پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ سانحہ تلمبہ میاں چنوں اجتماعی اخلاقی زوال کا شاخسانہ ہے۔ اسلام کسی مشتعل ہجوم کو تشدد کے بل پرانصاف کی اجازت نہیں دیتا،یہ راستہ ہرگز درست نہیں ہے۔شہراقبال ؒ کے بعد میاں چنوں میںپرتشدد واقعہ کے نتیجہ میں مبینہ طورپر ایک ابنارمل شہری کی موت کی مذمت کرتے ہیں۔پاکستان کے آئین اورقانون نے ملزم کوبھی اپنے دفاع کاحق دیا ہے۔کسی ہجوم کو آئین اورانصاف روندنے اورقانون کے ساتھ کھلواڑکرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہدنے مزید کہا کہ افسوس مخصوص لوگ ماڈل ٹاﺅن،یوحنا آباد، قصور ،سیالکوٹ اورخانیوال میں رونماہونیوالے دلخراش سانحات سے کچھ سیکھنے اوراپنا اجتماعی رویہ تبدیل کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔اس قسم کے واقعات سے ہماری ریاست کوجگ ہنسائی کاسامناکرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی مشتعل ہجوم کوزندگی اورموت کے فیصلے کرنے اور ریاستی رٹ کی دھجیاں بکھیرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ ایک انسان کاناحق قتل پوری انسانیت کاقتل ہے ،سانحہ سیالکوٹ کی طرح سانحہ خانیوال میں ملوث شرپسندعناصر بھی قرارواقعی سزا کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں پرتشدد واقعات کاسدباب یقینی بنائے ۔علماءحضرات اوراساتذہ اکرام بھی معاشرے میںپرتشدد واقعات روکنے کیلئے اپنااپناکلیدی کرداراداکریں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست میں عدم برداشت کاکلچر ایک سوالیہ نشان ہے ،اخلاقی تربیت کیلئے نصاب تعلیم سے مددلی جائے
