محترمہ نوشین حامد سے ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین نے ان کے آفس میں ملاقات کی

Spread the love

اسلام آباد /لندن ( عارف چودھری )
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت وممبر قومی اسمبلی محترمہ نوشین حامد سے سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹرینز گروپ برٹش پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر سیمی ایزدی، جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، صدر یوتھ پارلیمنٹ عبید الرحمان قریشی اور محمد مہربان بھی موجود تھے ، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال، تحریک آزادی کشمیر اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ممبر قومی اسمبلی محترمہ نوشین حامد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز جعلی مقابلوں میں پڑھے لکھے نوجوانوں کو شہید کر دیا جاتا ہے، بھارت عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے، فاشسٹ مودی کا چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے تمام فورمز پر آواز بلند کریں گے۔محترمہ نوشین حامد نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کے سامنے بھارت کو بے نقاب کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان نے حقیقی معنوں میں کشمیریوں کا سفیر بن کر دکھایا، آج تمام کشمیری عمران خان کو اپنا محسن سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر طیب اردگان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عالمی سطح پر جرات اور دلیری کیساتھ امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا، دونوں رہنما مسلمہ امہ کا درد رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے دونوں رہنماؤں کو مسلمان ممالک میں سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے،اس ۔موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر سیمی ایزدی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کی میں خود کئی بار آزاد جموں وکشمیر جا چکی ہوں اور کشمیری خاندانوں سے ملی ہوں ہمیں ان کا احساس ہے کشمیری قوم نہ تو پہلے بھارت کے ظلم اور جبر کے سامنے جھکی ہے اور نہ اب جھکے گی حق خودارادیت کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے جو ان کو ان شاء اللہ ضرور ملکر رہے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹرینز گروپ برٹش پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا کہ ہم برطانوی پارلیمنٹ کے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے مختلف قراردادیں پیش کیں اور برطانوی پارلیمان کے ہر اجلاس میں برطانوی وزراء، اور ممبران پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالہ سے سوالات کرتے ہیں اور بار بار برطانوی حکومت اور انڈیا پر دباؤ ڈالتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو جلد از جلد حل کرے۔مقبوضہ جموں وکشمیر کے اندر بھارت جو خون کی ہولی کھیل رہا ہے وہ اس کو مہنگی پڑے گی اس وقت بھی بھارت دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے ہمارا بھرپور مطالبہ ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دیا جائے اس موقع پر جموں وکشمیر کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم نے تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے مسئلہ کشمیر کو یورپ اور انگلینڈ کے اندر بھرپور اجاگر کیا، تحریک حق خودارادیت کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں ریلیاں، مظاہرے اور سیمینار منعقد کروائے اب ہم 5 مارچ سے 28 مارچ تک پروگرامات منعقد کریں گے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے انھوں نے کہا کہ فلسطین میں بھی اسرائیل نے ظلم کا بازار گرم کر کے رکھا ہے، فلسطینیوں اور کشمیریوں کا صرف ایک ہی قصور ہے کہ وہ مسلمان ہیں، شاید یہی وجہ ہے کہ عالمی برادری کا ضمیر نہیں جاگ رہا۔ امت مسلمہ یک زبان ہوکر اپنا کیس دنیا میں لڑنا ہوگا۔بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں پر ظلم و ستم پر دل دکھی ہے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے،محترمہ نوشین حامد نے کہا کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے اور ان کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں