ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان افضل کی زیر صدارت منٹگمری ہال میں اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا کے علاوہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں 4اپریل سے 9اپریل تک کی گئی اینٹی ڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع ساہیوال میں ڈینگی کے خلاف سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں اور ڈینگی بارے آگہی فراہم کرنے کیلئے بس اڈوں اور دوسرے پبلک مقامات پر بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ اینٹمالوجسٹ صارفہ عاشق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک ضلع ساہیوال میں 406مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 106صرف پچھلے ایک ہفتہ کے دوران سامنے آئے ہیں تاہم کوئی کیس کنفرم نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کی ان ڈوراورآوٹ ڈور ٹیموں نے انسداد ڈینگی کاروائیاں تیز کر دی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر گھروں، قبرستانوں،پارکوں، ٹائر شاپس اور دوسری کھلی جگہوں کو چیک کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر سے کہیں سے بھی ڈینگی لاروا برآمد نہیں ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان افضل نے کہا کہ عوام کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بھی اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ عوام صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے میں اہم کردار ادا کریں۔
