ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ساہیوال عوام کو قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے متحرک۔ ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک کی پرائس مجسٹریٹس کو نرخ ناموں پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت۔ زائد قیمت پر اشیاء صرف فروخت کرنے والے دوکانداروں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے، ڈپٹی کمشنر۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آفس میں پرائس مجسٹریٹس کو نرخ ناموں پر مکمل عمل درآمد کروانے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے خصوصی شرکت کی۔صدر کریانہ ایسوسی ایشن کے علاوہ پولٹری، فلور ملز اور فروٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے ضلعی انتظامیہ کو گھی،آٹے،چینی،چکن اوردیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پرائس مجسٹریٹس کی رعائت کے بغیر بلا امتیاز کاروائی کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ پرائس کمیٹی کی بھی از سر نو تشکیل کی جائے اور شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو شادیوں میں ون ڈش پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے کہا کہ کسی کو اوور چارجنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کریانہ ایسوسی ایشن از خود اشیاء صرف کی قیمتوں کو اعتدال میں لائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دوکانوں اور ریڑھیوں پر نرخ نامے نمایاں آویزاں کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا فوکس عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
