ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان افضل نے ضلع میں جاری میٹرک کے امتحانات کیلئے قائم کیے گئے مختلف امتحانی سنٹرز کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز پر طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ہودار کمرے، پینے کیلئے ٹھنڈا پانی اور مراکز میں بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے امتحانی مراکز کے اردگرد حفاظتی انتظامات کو بھی چیک کیا اور پولیس اہلکاروں کو سنٹرز پر مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے سنٹرز پر تعینات عملے کو ہدایت کی کہ طلبہ و طالبات کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات کو فوری حل کیا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
