کس کف قاتل پہ لہو تلاش کریں

Spread the love

جہلم(اختر شاہ عارف)یادش بخیر آج 17-جون پاکستان کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک سیاہ ترین دن ہے۔جب آج ہی کے دن کم و بیش چودہ بیگناہ انسانوں کو بیدردی سے گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔اس سانحہ عظیم کو سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔کمزور یاداشت کی حامل یہ قوم اس سانحے کو یقیناً بھول چکی ہے۔ انسانی حقوق کی نام نہاد عالمی تنظیموں کو بھی اپنی سستی شہرت حاصل کرنے کے لیئے شاید کچھ نئے موضوعات مل گئے ہیں۔اور وہ اس انسانی المناک سانحے پر مہر بلب دم سادھے بیٹھے ہوئے ہیں۔ہاں اگر وہ آٹھ سال قبل انسانی خون کی ہولی سے کھیلا جائے والا کھیل اگر کوئی نہیں بھولا تو وہ مائیں ہیں جن کے بچوں کو ان کی نظروں کے سامنے گولیوں سے بھون ڈالا گیا۔جن حاملہ عورتوں کے بطن میں،ان کے منہ میں گولیاں مار کر انہیں اور ان کے بطن میں پلنے والی انسانی جانوں کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔اس درندگی کو اگر کوئی بھولا نہیں تو وہ حرماں نصیب ہیں جن کی بیٹیاں،بیٹے مائیں،بہنیں اور باپ ان کے نظروں کے سامنے گولیوں کی تڑ تڑاہٹ میں خاک وخون میں نہلا دیئے گئے۔ان بیگناہوں،معصوموں اور نہتوں کا قصور کیا تھا۔یہ اس وقت کسی کو پتہ تھا اور نہ آج تک کوئی بتا سکا ہے۔ان شہداء کے ورثاء میں سے اکثر اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے پیاروں کو خون میں نہائے دم توڑتے دیکھ کر ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔اور جو اس سانحے کو کسی نہ کسی طور جھیل چکے ہیں وہ ہر وقت اپنے پیاروں کی نشانیاں اپنی آنکھوں،اپنے سینے سے لگائے ہمہ وقت روتے رہتے ہیں۔وہ گزشتہ آٹھ سالوں سے اس اسلامی ریاست میں انصاف ڈھونڈھتے پھر رہے ہیں۔جس اسلامی ریاست کے مذہب اور دین میں انصاف کو وہ فضیلت اور فوقیت دی گئی تھی کہ جس کے بارے میں میرے پیارے رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا کہ ان کی بیٹی بھی چوری کرے گی تو اسے بھی وہی سزا ملے گی۔جو عام عورت یا مرد کو ملتی ہے۔اس ملک کی بد قسمتی اور بد نصیبی تو دیکھیئے کا آٹھ قبل اس سانحے کے وہ تمام مجرمان جو اس سانحے کے ذمہ دار تھے۔ آ ج پھر ایوانِ اقتدار میں عنان حکومت سنبھالے ہوئے ہیں۔ آٹھ سال قبل وہ خونچکاں سانحہ سب کے دلوں سے،ان کے اذہان سے حرف غلط کی طرح مٹ چکا ہے۔مجرموں،انصاف کے علمبرداروں،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں حتیٰ کہ کمزور یاداشت کی حامل اس قوم کے اذہان و قلوب سے بھی یہ سانحہ بالکل محو ہو چکا ہے۔یہ سانحہ اگر قیامت تک کوئی نہ بھول سکے گا تو وہ بیچارے وہ لوگ ہوں گے جن کے نظروں کے سامنے خاک وخون میں نہلا دیئے گئے اور وہ آج بھی انہیں یاد کر کے رو رہے ہیں اور اپنی زندگی کی آخری سانسوں تک روتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں