جہلم (اختر شاہ عارف)وطن عزیز تاریخ کے بد ترین اور شدید ترین بحرانوں سے دوچار ہے۔اور وطن عزیز پر قابض نیرو چین کی بانسری بجانے میں مصروف ہیں۔لوگ شدید ترین گرمی میں بجلی کی طویل ترین اور غیر اعلانیہ بندش گھبرائے ہوئے ہیں۔پانی نہ ہونے کی وجہ سے پیاس کی شدت سے تڑپ رہے ہیں ۔مگر نام نہاد حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔کمر توڑ مہنگائی میں میں ہر روز اشیائے خوردونوش اور روز مرہ کی اشیائے ضروریات میں من مانے اضافے کیئے جا رہے ہیں ۔مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔لا قانونیت کی انتہا ہو چکی ہے ۔مگر انتظامی ادارے لا تعلق ہو چکے ہیں ۔گیس،بجلی پیٹرولیم کی مصنوعات میں ہر دوسرے تیسرے دن ہوشربا اضافے ہو رہے ہیں ۔اور حکمران ڈھیٹوں اور بیشرموں کی طرح ہنستے مسکراتے ہوئے مہنگائی اور پٹرولیم کی مصنوعات کے ساتھ ساتھ نا صرف جولائی کی جھلسا دینے والی گرمی میں میں مزید لوڈ شیڈنگ کی”خوش خبری”کا عندیہ دے رہے ہیں بلکہ مزید مہنگائی کا بھی اعلان کر رہے ہیں ۔ذندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جو اس حکومت نے تباہی کے دہانے تک نہ پہنچا دیا ہو۔بجلی کی طویل ترین بندش اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو پولیس کے ظالمانہ تشدد کے ذریعے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔اور پاکستان کی تاریخ کے نالائق ترین حکمران اور اس کے خوشامدی حاشیہ بردار ان بحرانوں کا زمہ دار سابقہ حکومتوں کو ٹھہرا کر خود اپنے خلاف کرپشن اور دیگر جرائم کی مقدمات ختم کروانے کی طرف توجہ دے رہے ہیں ۔کسی کو احساس تک نہیں کہ کل تک کا روشن روشن پاکستان بحرانوں کے اندھیروں میں ڈوب چکا ہے۔ اور پاکستان کے تمام مقتدر ادارے نہ جانے کن مصلحتوں کے تحت خاموش تماشائی بنے یہ سب کچھ دیکھ رہے ہیں ۔
عوام بزبان احتجاج تمام صاحبان اقتدار و اختیار کو یہ پیغام دے رہی ہے ۔کہ خدا را اپنی اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے پاکستان اور پاکستانی عوام کو ان بحرانوں سے نکالنے کے لیئے سر جوڑ کر سنجیدگی کے ساتھ کوئی لائحہ عمل وضع کریں۔تاکہ نا صرف پاکستان ترقی کی شاہراہ پر دوبارہ گامزن ہو سکے۔ بلکہ پاکستانی عوام بھی سکون کا سانس لے سکے۔ اللہ پاک میرے پیارے وطن پاکستان کی حفاظت فرمائے اور میرا پیارا وطن پاکستان تا قیامت سلامت رہے ۔آمین یا رب العالمین ۔
پاکستان زندہ و پائیندہ باد ۔
