جہلم (اختر شاہ عارف)ہر سیاسی مداری ایک ہی بات کرتا ہے کہ وہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتا ہے۔اور وہ عوام کی خدمت کے لیئے میدان سیاست میں آیا ہے ۔ “عوام کی خدمت” کے یہ مناظر تصاویر میں دیکھے جا سکتے ہیں ۔جہاں یہ بھوکی ننگی جنتا اپنی خون پسینے کی کمائی جیبوں میں ڈالے محض چند روپے بچانے کی خاطر یوٹیلیٹی سٹورز پر ذلیل وخوار ہورہی ہے۔یہ تصاویر بھی سول لائنز پر واقع اس یوٹیلیٹی سٹور کی ہے جہاں بقول حکومت اور ان کے حاشیہ برداروں کے عوام کو سستی چیزیں مہیا کی جا رہی ہیں۔یہاں لوگ جن میں برقع پوش خواتین،عمر رسیدہ خواتین اور بچے بوڑھے بھی شامل ہیں۔ان کو یوٹیلیٹی سٹور کے باہر قطاروں میں اور کڑی اور چلچلاتی دھوپ میں کھڑا کر دیا جاتاہے جہاں سایہ نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی ۔اور سٹور کو اندر سے بند کر دیا جاتا ہے۔پھر ایک ایک بندے کو یوٹیلیٹی سٹور کا “بادشاہ سلامت” اندر آنے کی اجازت مرحمت فرماتا ہے اور جب وہ بندہ اپنی خریداری کر کے باہر نکلتا ہے تو پھر اگلے بندے کو اندر جانے کی اجازت مرحمت فرمائی جاتی ہے۔اور جب گھنٹوں چلچلاتی دھوپ میں پسینے سے شرابور بندے کی باری آتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ آٹا،چینی گھی وغیرہ ختم ہو چکے ہیں۔اب “انتظار فرمایئے”کا اعلان کر دیا جاتاہے۔یوٹیلٹی سٹور کے اندر بھی ان برائے نام سستی چیزیں خریدنے کے لیئے شناختی کارڈ اور موبائل فون کی شرائط عائد کر دی جاتی ہیں۔اور جب گاہک اللّٰہ اللّٰہ کر کے ان کی یہ شرائط پوری کر دیتا ہے۔تو پتہ چلتا ہے کہ ایک مخصوص مقدار سے زیادہ اشیائے خورد و نوش نہیں خریدی جاسکتیں۔تب ایک کثیر العیال کنبے کا سربراہ سوچ میں ڈوب جاتاہے کہ اس محدود مقدار میں خریدے ہوئے راشن سے وہ کس طرح گزارہ کرے گا۔ کس طرح اتنے محدود راشن سے پورا مہینہ گزارے گا۔یوٹیلٹی سٹورز پر چیزوں کا معیار بھی تسلی بخش نہیں ہوتا۔ضرورت اس امر کی ہے۔کہ تمام ذمہ دار صاحبان اقتدار و اختیار گاہے بگاہے ان یوٹیلیٹی سٹورز پر چکر لگائیں اور چلچلاتی دھوپ میں بے سائبان کھڑے ان پسینے میں شرابور لوگوں کی مشکلات کا ادراک کریں۔جو محض چند روپوں کی بچت کی خاطر ان یوٹیلیٹی سٹورز پر ذلیل وخوار ہو رہے ہیں۔ایک ایسا وقت ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے دور میں بھی آیا تھا۔جب مٹی کے تیل کا کسی وجہ سے بحران پیدا ہو گیا تھا اس وقت مٹی کا تیل بطورِ ایندھن استعمال ہوتا تھا۔اور بجلی گھر گھر نہ ہونے کے باعث لالٹینوں میں بھی استعمال ہوتا تھا۔اس لیئے لوگ صبح اذانوں کے وقت مٹی کے ڈپو کے سامنے مٹی کے تیل کے حصول کے لیئے لمبی قطاروں میں جا کر کھڑے ہو جاتے تھے ۔
پھر ضیاء الحق مرحوم کے دور میں چینی میں کمی ہونے کے باعث کوٹہ سسٹم شروع ہو گیا ۔
مگر موجودہ دور تو بقول حکومت کے “عوام کے خادموں”کا دور ہے اگر اس دور میں بھی عوام کے یہ بنیادی مسائل حل نہ ہوئے تو پھر کب غربت و افلاس کی چکی میں پستی ہوئی عوام کی شنوائی ہو گی؟کب ان گنت بحرانوں میں گھرا ہوا پاکستان اور پاکستان کی عوام سکون کا سانس لے سکیں گے ۔ہے کوئی اس کا ھواب؟خدا را کوئی تو جواب دے۔۔
