
جہلم (اختر شاہ عارف)کسی شاعر نے نجانے کن حالات سے متاثر ہو کر کہا ہو گا کہ۔۔
حق بات پہ ملتا ہے سدا ذہر کا پیالہ۔۔
جینا ہے تو پھر جرات اظہار نہ مانگو۔۔
تاریخ کے اوراق میں بار بار ہا میں نے پڑھا۔کہ سچائی اور حق کے نقیبوں کا مقدر سداموت ہی رہا۔انبیائےکرام علیہ السلام،امام علیہ السلام اور اولیائے کرام تو اللہ پاک کی محبوب،چنیدہ اور پاکباز ہستیاں تھیں۔ سچائی اورحق بات بات پر ان کی کھال کا کھینچا جانا،ان کو آرے سے چیرا جانا،ان کو آگ کے فلک بوس الاؤ میں پھینکا جانا،انہیں کربلا کی تپتی ہوئی ریت پر بھوکے پیاسے شہید کر دیا جانا اور ان پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے دیا جانا تو سمجھ میں آتا ہے کہ ان کی زندگیوں کا مقصد ہم فانی اور گناہگاروں کو یہ سبق دینا مقصود تھا کہ حق اور سچائی کی راہ میں اگر جان دے کر اور ظلم و ستم کے پہاڑ تلے پس کر بھی اللہ کو راضی رکھنا پڑے تو ہنستے مسکراتے یہ سب کچھ کر گزرو۔مگ یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ ایک مسلمان ریاست میں جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آئی ہو۔جہاں حاکم بھی کلمہ گو ہوں،جہاں سچائی کے نقیب بھی توحید اور رسالت کے ماننے والے ہوں۔جہاں انصاف اور قانون کے رکھوالے بھی محب وطن ہوں۔اور قلم کے مزدور بھی وطن سے ٹوٹ کر پیار کرنے والے ہوں۔پھر کس بنیاد پر انہیں غدار قرار دے کر انہیں پابند سلاسل کر دیا جاتاہے ۔کس وجہ سے انہں پس دیوار زنداں پھینک کر ان پر غداری کے مقدمات درج کرائے جاتے ہیں ؟عمران ریاض نامی صحافی کا کیا یہی قصور ہے کہ اس نے ان “شرفاء”کو آئینہ دکھایا ہے جو نام نہاد سیاست کے حمام میں برسوں سے ننگے “اقتدار اقتدار” کا مکروہ کھیل کھیلتے ہوئے وطن عزیز پاکستان اور پاکستانی عوام کو مسائل کی وسیع وعریض اور عمیق ترین دلدل میں یوں دھکیل چکے ہیں ۔کہ اس دلدل سے نکلنے کی بظاہر نہ کوئی صورت نظر آ رہی ہے اور نہ ہی کوئی راستہ سوجھ رہا ہے۔
مجھ سمیت تمام لوگ اربابِ اقتدار و اختیار سے یہ اپیل ہی کر سکتے ہیں کہ عمران ریاض سمیت ہر سچ بولنے والوں پر جھوٹے مقدمات درج کرنے سے یہ آوازیں خاموش نہیں ہو جائیں گی۔اور نہ ہی سچائی کے یہ نقیب پس دیوار زنداں کے پیچھے پابند سلاسل ہو کر اپنے لبوں پر خاموشی کے قفل نہیں لگا لیں گے۔اور نہ ہی اپنے قلم کے نوک کو توڑ ڈالیں گے۔یہ سچائی کے ان نقیبوں کے ورثاء ہیں۔جو ہنستے کھیلتے سولی چڑھ گئے مگر”انا لحق”کہنے سے باز نہ آئے۔یہ ان راست گو انسانوں کی لازوال روائیتوں کے امین ہیں جنہوں نے مسکراتے ہوئے خوشی خوشی ذہر کا پیالہ نوش کر لیا مگر ان کے بیجان ہونٹوں پر بھی سچائی سجی رہی۔یہ وہ حق کے پرستار ہیں۔ جن کا اٹھنا بیٹھنا،اوڑھنا بچھونا سچائی ہے۔یہ مر تو سکتے ہیں۔یہ پھانسی کے پھندوں پر جھول تو سکتے ہیں یہ قتل تو ہو سکتے ہیں۔ مگر نہ بات کہنے سے گریز کریں گے ۔اور نہ ہی سچ بولنے سے گریز کریں گے ۔اس لیئے آپ سے انتہائی ادب سے اور دست بستہ گزارش ہے کہ سچائی کے ان نقیبوں کو پابند سلاسل نہ کریں اور نہ ہی انہیں پس دیوار زنداں میں پھینک کر ان پر جھوٹے مقدمات بنائیں۔کہ سچائی کو جتنا بھی دبانے کی کوشش کریں گے یہ اپنے اظہار کے لیئے کوئی نہ کوئی راستہ نکال ہی لے گی۔بس ذرا پوری سچائی ایمانداری سے اپنا محاسبہ کرنے کی کوشش کریں۔کہ اپنی غلطیاں تسلیم کر لینا ہی اخلاقی جرات ہوتی ہے ۔
اللّٰہ پاک میرے پیارے وطن پاکستان کا اور ہم سب کا حامی و ناصر ہو ۔آمین یا رب العالمین
