
جہلم (اختر شاہ عارف) عبد الستار ایدھی مرحوم کی برسی کے موقع پر آج المرکز کونسل اور اس کی ذیلی تنظیموں سی ڈی سی رجسٹرڈ ،ایم سی ڈبلیو اے رجسٹرڈ اور ڈیف ویلفیئر سوسائٹی رجسٹرڈ جہلم کے زیرِ اہتمام الحقیق ہال المرکزجہلم میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔جس میں ڈاکٹر شہزانہ امتیاز ، سیدہ شاہدہ شاہ ،خواجہ عمر جاوید (تنظیم عمل) ،عارف کریم ایڈووکیٹ ،ڈاکٹر رفیق مرزا دینہ،ڈاکٹر محمد اسد مرزا سرکلر انچارج ایدھی سنٹر ضلع جہلم ،میجر(ر)ذرغون گل خان ،چوہدری جاوید اقبال ،کرنل(ر) محمد عبید مرزا ،سید اختر علی شاہ ،محمد امین میر ،شاہد جلیل سیٹھی ،محمد ارشد احمد مرزا ،پروفیسر راجہ عبدالرحمان جنجوعہ،منیب ظفر ہاشمی ،مسز فلک ناز سیٹھی ،عبدالغفور چوہان چیئرمین یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس ضلع جہلم،محمد نبیل مرزا،ڈاکٹر سعد اللہ بیگ،ایدھی سنٹرز جہلم،دینہ،سوہاوہ کے سنٹرز انچارج اور ضلع بھر کی مقتدر شخصیات کے ساتھ ساتھ خواتین وحضرات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔تلاوت کلام پاک کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔جس کے بعد سب حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا۔جس کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ مقررین نے عبد الستار ایدھی مرحوم کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم صحیح معنوں میں ایک درویش صفت اور انسانیت کا درد رکھنے والے انسان تھے۔ان کی اس انسان دوستی کے جذبات کو پروان چڑھانے میں ان کی والدہ کا بہت بڑا ہاتھ تھا۔یہی وجہ تھی کہ انسانیت کا درد بچپن سے ہی ان کی رگ رگ میں یوں سما گیا تھا۔کہ وہ زندگی کی آخری سانسوں تک بلا امتیاز اور بلا تفریق مذہب کے ہر انسان کے کام آتے رہے۔ان کے نزدیک ہر نسل آدم پہلے انسان تھی۔اور اس کے بعد اس کے مذاہب آتے تھے۔انہوں نے انسانیت کی خدمت کے لیئے وہ کارہائے نمایاں سر انجام دیئے کہ تاریخ میں ان کا نام ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔اور رہتی دنیا تک ان کا نام ہمیشہ احترام سے لیا جائے گا۔
اجلاس کے اختتام پر المرکزجہلم میں ہونے والی فرسٹ ایڈ ٹریننگ میں حصہ لینے والوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔جس کے بعد یہ تعزیتی اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔
