جہلم(اختر شاہ عارف) پنجاب کا پرانا تاریخی ضلع جہلم اس وقت مکمل طور پر حالات کے رحم و کرم پر ہے۔ اور انتہائی زبوں حالی کا شکار ہے۔۔ضلع جہلم کی باقی تحصیلوں کو تو چھوڑیں وہ تو “بابو ٹائپ”کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کے دورے کے شایان شان نہیں ہیں۔(سوائے الیکشنز کے دنوں میں)مگ تحصیل جہلم تو اس ضلع جہلم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔یہاں تو ہمہ وقت گہما گہمی رہتی ہے۔ہر سرکاری و انتظامی کے سربراہان و اہلکاروں کا ہر وقت گزر ہوتا رہتا ہے۔مگر اس کے باوجود اس تحصیل جہلم میں انتظامیہ مکمل طور پر غفلت کا مظاہرہ کرتی نظر آتی ہے۔یہ مناظر جہلم شہر کے صرف اور صرف ایک انتہائی آباد محلے مشین محلہ نمبر تین کے ہیں۔جبکہ مدنی محلہ سمیت پورے شہر کا یہی حال ہے۔ جہلم میں بارش ختم ہوئے دو دن گزر چکے ہیں۔مگرگلیوں میں ابھی تک پانی کھڑا یے۔نالے اور گٹر ہیں کہ ابل ابل رہے ہیں۔جن کا بدبو دار پانی نہ صرف لوگوں کے رہائشی گھروں میں داخل ہو رہا ہے اور گلیوں میں بے طرح بہہ رہا ہے۔بلکہ اس بدبودار پانی کی سڑاند اور تعفن سے گزرنا محال ہوچکا ہے۔ مکھیوں اور مچھروں کی بہتات کے باعث طرح طرح کی بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔ان تصاویر میں ایک مسجد عمر کا بورڈ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔مسجد میں جانے کے لیئے اگرچہ نمازی حضرات نے اپنی مدد آپ کے تحت اینٹیں رکھ کر عارضی راستہ تو بنا لیا ہے۔مگر زرا سا پاؤں رپٹ جائے تو بیچارہ نمازی گندے پانی میں جا گرتا ہے۔ خصوصاً بزرگ نمازی حضرات کا مسجد میں جانا مشکل ہو چکا ہے ۔
بارش کے پانی اور سیوریج کے ناکارہ سسٹم کا مسلئہ آج کا نہیں۔بلکہ برسوں پرانا ہے۔ضلعی حکومتوں کے نظام کے ساتھ ساتھ کئی جمہوری حکومتیں بھی آئیں۔مگر یہ نام نہاد عوامی نمائیندے تعمیراتی فنڈز جہلم کی ترقی پر کم اور اپنے “مستقبل کی تعمیر” پر زیادہ خرچ کرتے رہے۔ان کے عالیشان محلات بنتے رہے۔بیرون ملک ان کی جائیدادوں اور بینک بیلنس میں اضافے ہوتے رہے۔ان کی نسلوں کے مستقبل سنورتے رہے۔اور ان کو ایوان اقتدار تک پہنچانے والی بھوکی ننگی جنتا کا مستقبل تاریک سے تاریک تر ہوتا رہا۔ جہلم کی حالت بد سے بد تر ہوتی رہی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ آئیندہ الیکشن میں عوام ایسے نمائیندوں
کا انتخاب کرے جسے اپنی ذات سے زیادہ عوام کی فکر ہو جو انتہائی ایمانداری اور دیانتداری سے عوام کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں۔خواہ وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں ۔
ورنہ عوام کی یہی روش اس مصرعے کی عملی تصویر بن جائے گی کہ۔۔
تمہاری داستاں تک بھی نہ ہو گی داستانوں میں۔
اللہ پاک ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
پاکستان میری جان،میرا ایمان۔۔
پاکستان زندہ باد۔
