پاکستان آفات ارض و سماوی کی بھنور میں اور پاکستان کے نیرو چین کے بانسری بجانے میں مصروف

Spread the love

جہلم(اختر شاہ عارف)میرا پیارا وطن پاکستان ان دنوں شدید ترین آفات ارض و سماوی کے بھنور میں گھرا ہوا ہے۔اور نااہل ترین حکمران نیرو کی طرح چین کی بانسری بجانے میں مصروف ہیں۔کہیں صوبہ سندھ اور اسکا دارالحکومت کراچی جو کبھی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا۔سیلاب کے پانیوں میں یوں ڈوبا ہوا ہے کہ کاروبار زندگی تو کیا پوری زندگی ہی پانیوں میں ڈوب گئی ہے۔ اور کہیں صوبہ بلوچستان بارشوں اور سیلاب کے پانیوں میں گھر چکا ہے ۔اور نا اہل ترین اور سفاک ترین حکمران بس بیانوں کی حد تک ہی اپنی”ذمہ داریاں” نباہ رہے ہیں۔سیلاب میں گھری ہوئی نسل آدم کو ان سیلابی ریلوں سے بچانے کے لیئے نہ کوئی حکمت عملی ہے۔اور نہ ہی گھر بار،مال مویشی سب کچھ سیلاب کی نظر ہو جانے والے ان بد نصیبوں کے لیئے کوئی امدادی منشور۔ لے دے کے ایک آرمی ہے جو کسی ستائش،کسی صلے،کسی فوٹو سیشن کے بغیر ان تباہ حال لوگوں کو، ان سیلاب میں ڈوبے ہوئے لوگوں کو نہ صرف محفوظ مقامات پر پہنچا رہی ہے۔بلکہ انہیں خوراک اور طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ ان کی ہر طرح سے مدد بھی کر رہی ہے ۔یا پھر ملک بھر کی وہ فلاحی اور سماجی تنظیمیں ہیں جو اپنے وسائل سے بڑھ کر ان آفت زدہ علاقوں میں ان متاثرہ لوگوں کو ہر قسم کی سہولیات بہم پہنچانے میں اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔۔اس میں کوئی شک نہیں کہ پانی وہ نعمت خداوندی ہے جس کے بغیر زندگی کی بقاء ناممکن ہے۔پانی زندگی کا جزوِ لاینفک ہے۔مگر جب یہی پانی منہ ذور ہو جائے تو ایک ایسا عفریت بن جاتا ہے ۔ھو ہر ذی روح ،ہر حجر،ہر شجر غرضیکہ اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو نگلتا چلا جاتا ہے۔اگر نسل درنسل اور تین تین ،چار چار بار اس بھوکی ننگی جنتا ہر حکومت کرنے والےنااہل حکمرانوں نے اپنے خزانے بھرنے اور بیرون ملک اپنے اثاثے جمع کرنے اور جائیدادیں بنانے کی بجائے اس بد قسمت عوام کی فلاح و بہبود کے لیئے کچھ اقدامات کیئے ہوتے،سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کے لیئے کوئی منصوبہ بندی کی ہوتی۔سیلاب اور بارش کے پانیوں کا ذخیرہ کرنے کے لیئے کوئی ڈیمز اور جھیلیں بنائی ہوتیں تو پانی کے اس بے لگام عفریت کو نکیل ڈال کر نہ صرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جاسکتا تھا بلکہ ذرائع آبپاشی کو بھی فروغ دیا جا سکتا تھا ۔مگر یہاں تو “اقتدار اقتدار” کے کھیل نے پاکستان کو پتھر کے زمانے میں پہنچا دیا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آئیندہ الیکشن میں اپنے وہ نمائیندے چنیں۔جو ایماندار اور ملک کے لیئے مخلص ہوں۔انہیں بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنانے ،اپنے خزانے بھرنے سے زیادہ پاکستان اور پاکستانی مفادات سب سے زیادہ عزیز ہوں۔کاش ایسا ہو سکے۔کاش ایسا ہو جائے تو مجھے یقین ہے کہ میرے ملک پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں صف اول میں ہو گا۔ان شاءاللہ تعالیٰ ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں