ممتاز سماجی مذہبی شخصیت اداراہ منہاج القرآن اولڈہم کے نائب صدر ارشد علی قادری کی رہائش گاہ پر گوشہ درود شریف کی محفل کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان میں حالیہ سیلاب زدگان متاثرین کے لیے خصوصی عطیات جمع کیے گئے ۔
مانچسٹر (عارف چودھری)
: ممتاز سماجی مذہبی شخصیت اداراہ منہاج القرآن اولڈہم کے نائب صدر ارشد علی قادری کی رہائش گاہ پر گوشہ درود شریف کی محفل کا انعقاد ہوا جس میں پاکستان میں حالیہ سیلاب زدگان متاثرین کے لیے خصوصی عطیات جمع کیے گئے ۔ مولانا غلام مصطفیٰ صابری ،منہاج القرآن مانچسٹر کے ڈائریکٹر علامہ عبد الستار سراج ،سید آفتاب شاہ گیلانی ، مفتی سہیل احمد صدیقی ، منہاج القرآن اولڈہم کے صدر حاجی محمد انوار الحق – شہباز حسن قادری -حبیب الرحمن -حاجی اشفاق وارثی -اختر خان -عبدالقیوم مدنی کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا غلام مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ گوشہ درود شریف کی محفل کے ساتھ پاکستان میں سیلاب زدگان کی مالی معاونت کے لیے عطیات جمع کیے گئے۔ منہاج القرآن نے پاکستان میں مون سون کی حالیہ بارشوں سے پہلے ہی عطیات جمع کرنے شروع کر دے تھے تاکہ سیلاب زدگان کی بروقت مدد کی جا سکے ۔ علامہ عبد الستار سراج نے کہا انسانیت کی خدمت سب سے بڑھ کر ہے تاجدار دو جہاں نے ہمیں یہی پیغام دیا ہے ۔ سید آفتاب اشرف گیلانی کا کہنا تھا کہ یقیناً حقوق العباد کا خیال کرنا سب سے افضل عبادت ہے اس وقت پاکستانی قوم سیلاب میں ڈوبی ہوئی ہے احادیث کی روشنی میں ہمیں دکھی انسانیت کی بھرپور مدد کرنی چاہیے ۔منہاج القرآن اولڈہم کے صدر حاجی محمد انوار الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب آتے رہیں گے وقت کا تقاضا ہے ڈیم بنائے جائیں اگر ایسا نہ کیا گیا تو مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ مفتی سہیل احمد صدیقی نے کہا کہ دنیا میں دو ارادے کام کر رہے ہیں ایک اللہ کا اور دوسرا اللہ کے خلاف شیطان کا ہمیں انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے یہ ہمارے ایمان کا تقاضا ہے اس سے انسان اللہ سے اپنا ناطہ جوڑ لیتا ہے ۔ میزبان ارشد علی قادری نے انکی دعوت پر تشریف لائے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گوشہ درود شریف کی محفل کے ساتھ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے عطیات جمع کیے گئے دکھی انسانیت کی خدمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ہمیں اس میں پیش پیش ہونا چاہیے
برطانیہ میں بسنے والی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرین کی ہر طرح کی مدد کے لیے ہمیشہ کی طرح مثالی کردار ادا کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے
