(اولڈھم)۔ رپورٹ عارف چودھری
جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل JKSDMIنے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں پیش کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام مستقل ممبران کو مسئلہ کشمیر پر ہمنوا بنانے کے لئے بھرپور لابی کریں اور مسئلہ کشمیر کو بھرپور حکمت عملی کے ساتھ اقوام متحدہ کے تمام فورمز پر اُٹھایا جائے اور زیادہ سے زیادہ عالمی برادری کی حمایت حاصل کی جائے۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے لئے ایسے اقدامات کرے تا کہ مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی تحریک آزادی کومذید تقویت مل سکے اور برطانیہ، یورپ اور دنیا کے بیشتر ممالک میں مقیم متحرک کشمیریوں کی بھی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ اس بات کا خیر مقدم کیا گیا کہ وزیر اعظم پاکستان جب اقوام متحدہ کے اجلاس میں 23 ستمبر 2022کو خطاب کریں تو وہ مسئلہ کشمیر کو اول ایجنڈے پر رکھیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کریں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حل کروانے کے لئے اپنا عالمی اثر و رسوخ استعمال کرے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس برطانیہ کے شہر اولڈھم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی۔اجلاس میں تحریک کے سرپرست سردار عبدالرحمان خان، سابق مشیر برائے وزیر اعظم آزادجموں وکشمیرراجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ، ڈپٹی لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار/ چیئرپرسن JKSDMI-UK، امجد حسین مغل وائس چیئرمینJKSDMI-UK، کونسلر نائلہ شریف چیئر پرسنJKSDMI-UK (نارتھ آف انگلینڈ)،روبینہ خان چیئرپرسن JKSDMI-UK(گریٹر مانچسٹر)، محمد ہیری بوٹا، سابق میئر اولڈھم کونسلر شعیب اختر، کونسلر نائلہ ابراہیم، راجہ مقصود کاکڑوی، سابق کونسلر محبوب احمدنیلسن، مس فاخرہ نصرت، مس عائشہ کائنات، نورین شہزاد، کومل خان، فرزانہ افضل، نغمانہ کنول شیخ، یاسمین عالم انفارمیشن سیکرٹری JKSDMI-UK، زیشان عارف چیئرمین یوتھ وِنگ JKSDMI-UK، راشد حسین چیئرمین پاکستانی کمیونٹی سینٹر اولڈھم، جاوید طارق، تیمور شفیق و دیگر نے شرکت کی۔ تمام عہدیداروں نے راجہ نجابت حسین کو حکومت پاکستان کی جانب سے قومی سول ایوارڈ ”ستارہ ء پاکستان“ سے نوازے جانے پرمبارک باد پیش کی۔تمام عہدیداروں نے تحریک کی برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار کو بھی برطانیہ کی لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی میں چوتھی بار ممبر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے عہدیداران برطانوی سیاسی جماعتوں لیبر اور کنزرویٹو کی سالانہ کانفرنسوں میں شرکت کریں گے۔ مسئلہ کشمیر پر لابی کے لئے برطانوی وزراء، ممبران پارلیمنٹ اور پارٹی مندوبین سے ملاقاتیں کریں گے۔ اگلے تین ماہ کے لئے پروگراموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران ملکہ برطانیہ کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا گیا اور ان کے خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس کو بادشاہ بننے پر مبارک باد پیش کی گئی۔ پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے نامور پاکستانی گلوگار ابرار الحق ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں اور ان کے چیرٹی کنسرٹس جو کہ مانچسٹر، بریڈ فورڈ، برمنگھم اور مڈلزبرومیں منعقد ہوں گے ان میں شرکت کی جائے گی اور برطانیہ بھر میں منعقد ہونے والے تمام تنظیموں کے چیرٹی پروگراموں میں بھی شرکت کی جائے گی اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سے زیادہ سے زیادہ امداد دینے کی اپیل کی جائے گی تا کہ اس امداد سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی فوری امداداور ان کی مستقل بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
