شاکر ذیشان خٹک گزشتہ کئی سالوں سے پشتو ادب و ثقافت کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد(نمائندہ ذیشان نجم خان)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق اسلام آ باد میں پختون فیملی کلچرل شو کے انعقاد سے ریڈ زون پر رونق ہوگیا.پشتو ثقافت اور روایات میں جرگہ، ایمان داری، ملی غرور، ننواتئی، عہد ووفا، جنگ کے قوانین ، آزادی و حریت ، مہمان نوازی، بدرگہ، ملی استقلال، چیغہ، نسل و روایات کی پاسداری، ملی کھیل وغیرہ سرفہرست ہیں۔ جن میں پشتونوں کی معاشرتی رہن سہن کے نفسیات کے مختلف پہلوووں کو اجاگر کیا جاتاہے۔ یہ روایات و عادات پشتونوں کے روزمرہ زندگی میں ایک دستور یا آئین کی حیثیت رکھتے ہیں اوران پر عمل نہ کرنے والے کو پشتون معاشرے میں کم نظری سے دیکھا جاتا ہے۔اور یہی وہ روایات ہیں جن پر ماضی میں عمل کرکے یہ قوم نا صرف اپنے مسائل کا حل نکالتے تھے بلکہ اسی قومی تشخص کے نتیجے میں پشتونوں نے ہندوستان (بشمول موجودہ پاکستان اور بنگلادیش)، ایرانی اصفہان، اور افغانستان پر بڑے جلال کے ساتھ حکمرانی کرتے رہے.پشتو زبان کی مظلومیت اور پشتون قوم پر جبر کے حوالے سے ادبی و ثقافتی میدان میں بہت کچھ کہا اور سنا جاتا ہے۔ بہت کچھ تو صرف مصنوعیت اور اپنے آپ کو دکھاوے کی حد تک محدود ہوتا ہے، لیکن بعض افراد اور اُن کی جدوجہد واقعی قابلِ تحسین اور قابلِ داد ہوتی ہے کہ وہ خلوصِ دل سے زبان اور قوم کی خدمت اپنا فرضِ اولین سمجھتے ہیں۔ یہ لوگ سٹیج پر بیٹھنے کے متمنی ہوتے ہیں، نہ ذاتی تشہیر اور نام و نمود کے خواہش مند۔اسی طرح کے افراد میں سے ایک نام شاکر ذیشان خٹک کا ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے پشتو ادب و ثقافت کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں۔ان کی ثقافتی تنظیم اسلام آ باد پختون کلچرل آرگنائزیشن ہی اسلام آ باد میں پشتو ثقافتی سرگرمیوں کی روح رواں ہے۔اسلام آ باد پختون کلچرل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام گزشتہ 14 سالوں سے پشتو کلچرل شو منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جب بھی اس طرح کے ثقافتی پروگرام منعقد ہوتے ہیں تو ان کی وجہ سے ریڈ زون میں رونق بڑھ جاتی ہے۔پاکستان نیشنل کونسل آ ف آ رٹس اور محکمہ کلچر اینڈ ٹورازم خیبر پختونخوا کے تعاون سے اسلام آ باد پختون کلچر آ رگنائزیشن کے زیر اہتمام 5 اکتوبر کی شام پی این سی اے میں پختون فیملی کلچرل شو کا انعقاد پی این سی اے کے ایڈیٹوریل میں کیا گیا۔پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل ایوب جمالی کلچرل شو میں شرکت کے لئے آ ئے اور انہوں خوبصورت پروگرام منعقد کرنے پر اسلام آ باد پختون کلچرل آ رگنائزیشن کے چیف آ رگنائزر شاکر ذیشان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں مزید اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے کے لئے اپنے تعاون کا بھر پوریقین دلایا۔کلچرل شو کے مہمان خصوصی متحدہ عرب امارات کی معروف کاروباری شخصیت رنگین خان تھے۔جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں ٹانک کی سیاسی و سماجی شخصیت سمیع اللہ برکی،سیاسی و سماجی شخصیات ڈاکٹر نعمان سعید،سعد اللہ شاہ،شمس داوڑ،ضیاء الرحمان وزیر،۔ملک فقیر۔پی ٹی وی پشاور کے ماضی کے مشہور اداکار ڈاکٹر طارق رحیم اور سابق انسپکٹر جنرل پولیس دل جان خان شامل تھے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ دل جان خان جن کی عمر 95 سال ہے ۔وہ خصوصی طور پر پشتو فیملی کلچرل شو میں شرکت کے لئے آ ئے ۔اس موقع پر پشتو فنکاروں عطاء اللہ خان، مشرف بنگش، اسد علی خان رباب والا، اور گل صنم نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے حاضرین داد وصول کی۔اس کے علاوہ پی این سی اے کے فنکاروں نے روایتی خٹک ڈانس پیش کر کے
حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔پشتو فیملی کلچر شو کی ایک خاص بات یہ تھی کہ فنکاروں کے اپنے فن کے مظاہرے کے دوران نوجوان شائقین کا روایتی انداز میں آ تنڑ پیش کرنے پر خواتین نے بھی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان اتنڑ کرنے والوں کو داد دی، تالیوں کی گونج میں ان۔کے آ تنڑ کو سراہا۔پشتو روایتی رقص اتنڑ کرنے والے نوجوان مرد و حضرات نے روایتی پگڑیاں پہن رکھی تھیں جن کو آج کل لوگ ثقافتی تقریبات کے علاوہ پہنتے ہوئے بہت کم نظر آتے ہیں۔پگڑی چونکہ گندھارا تہذیب کی نشانی سمجھی جاتی ہے جو کہ ہزاروں سال پرانی ہے اور اس کو اپنی قدیم ثقافت سمجھ کر آج تک ہمارے بڑے بزرگ پہنتے ہیں۔ جو کہ ایک شان سمجھی جاتی ہے اور پگڑی والے لوگ بیشتر تو ہوشیار اور رہنمائی کرنے والوں میں گنے جاتے ہیں۔ اور اکثر پشتو ٹپے بھی اس کی عکاسی کرتے ہیں۔ “زہ چی زو کابل تہ او بہ کو سیالے۔۔۔۔ زان لہ بہ پیزوان واخلم تا لہ شملہ گے” جہاں محبوبہ اپنے محبوب سے یوں مخاطب ہےکہ: چلو کابل چلتے ہیں اور برابری کی بنیاد پر میں اپنے لئے نتھنی اور تمھارے لئے پگڑی لوں گی۔ٹورازم کلچر اتھارٹی خیبرپختونخواہ کی طرف سے علاقائی کھانے اور سیاحتی علاقوں کی وڈیو دکھائی گئی.
