باغ محلہ کا ریور روڈ فلتھ ڈپواور کباڑخانہ بن گیا

Spread the love

جہلم(اختر شاہ عارف)جہلم شہر کے بارونق اور قدرتی خوبصورتی کے حامل باغ محلہ کا ریور روڈ ان دنوں فلتھ ڈپواور کباڑخانہ بن چکا ہے۔جوبلی گھاٹ کے نزدیک تاریخی مسجد”مسجد افغاناں”جس کی کچھ سیڑھیاں کبھی دریائے جہلم کے پانیوں میں ڈوبی رہتی تھیں۔اور جہاں غمِ دوراں اور غمِ جاناں کے ستائے ہوئے لوگ مسجد کی ان سیڑھیوں پر بیٹھ کر دریا کے ٹھنڈے ٹھار پانیوں میں پاؤں لٹکائے پہروں بیٹھے رہتے تھے۔آج دریا خشک ہو جانے کے باعث مسجد افغاناں کا وہ پہلو شہر بھر کے لیئے فلتھ ڈپو بن چُکا ہے۔ریور روڈ جو کبھی دریائے جہلم کی مناسبت سے ریور روڈ کہلاتی تھی۔آج وہ روڈ کباڑی بازار بن چکی ہے۔جہاں دنیا جہان کا کباڑ جمع ہو چکا ہے۔بعض لوگوں کے مطابق گلی محلوں سے چوری ہونے والی لوہے کی اشیاء جن میں پانی کی موٹریں،گٹر کے لوہے کے ڈھکن اور دیگر چوری کی اشیاء بھی اس کباڑ خانے سے سستے داموں مل جاتی ہیں۔ جو منشیات کے عادی لوگ چوری کر کے یہاں بیچ جاتے ہیں۔تاکہ ان کے نشے کا سلسلہ چلتا رہے۔ذندہ قومیں اپنے تاریخی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کیا کرتی ہیں۔مگر ہم ہیں کہ اپنے تاریخی ورثے کو پرانی اور بیکار چیزیں سمجھ کر اپنے ہاتھوں تباہ و برباد کر رہے ہیں۔برسوں پہلے یہی دریائے جہلم تھا۔جو بڑی تمکنت سے،بڑی شان سے بہتا تھا۔بہت سے ماہی گیروں کی روزی روٹی اس دریا سے وابستہ تھی۔پھر جب جغرافیائی تبدیلیوں کے باعث دریا کا پانی خشک ہو گیا۔اور گرین بیلٹ بن گیا۔تو دریا کے کنارے سے لے کر گرین بیلٹ کے درمیان خالی جگہ کا مصرف یوں رہ گیا۔کہ یہاں پر جھگیوں کا شہر آباد ہونے کے ساتھ ساتھ شہر بھر کے لیئے فلتھ ڈپو بن گیا۔شہر بھر کاکوڑا کرکٹ لا کر یہاں ڈالا جانے لگا۔کباڑخانے کی اشیاء ریور روڈ پر سجائی جانے لگیں۔ایک سروے کے دوران لوگوں نے شکایت کی۔کہ ریور روڈ فلتھ ڈپو بن جانے کے باعث ہمہ وقت ایک تعفن سا پھیلا رہتا ہے۔جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس فلتھ ڈپواور اور کباڑخانے کو کہیں اور منتقل کیا جائے۔ تاکہ ریور روڈ کی سابقہ خوبصورتی اور رونق بحال ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں