جہلم (اختر شاہ عارف) جہلم شہر میں مسلح ڈکیتیوں اور مزاحمت پر قتل کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ابھی کچھ ہی دن پہلے جہلم شہر کے بارونق محلہ بابا مہندی شاہ کی آباد گلی میں دو مسلح ڈاکوؤں نے ایک خاتون سے دن دہاڑے ایک بھاری رقم سے بھرا ہوا اس کا پرس چھیننے کی اس وقت کوشش کی۔جب وہ بینک سے پیسے نکلوا کر گھر واپس آرہی تھی۔ڈاکوؤں نے بینک سے اس خاتون کا موٹر سائیکل پر پیچھا کرنا شروع کر دیا۔اور جب وہ گھر کے نزدیک گلی میں پہنچی تو ان میں سے ایک نے موٹر سائیکل روک کر پستول سے کور کر لیا جبکہ دوسرے نے اس کا پیسوں سے بھرا ہوا پرس چھیننے کی کوشش کی۔اس خاتون نے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرس کو مضبوطی سے تھامے رکھا اور شور مچا دیا۔اس عورت کا شور سن کر لوگ فوراً دوڑے چلے آئے۔اور پرس چھیننے والے کو دھر لیا ۔جبکہ دوسرا بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔ابھی اس واقعے کو گزرے چند روز ہی ہوئے تھے۔ کہ ایسا ہی مسلح ڈکیتی کا دوسرا واقعہ گزشتہ شب پیش آگیا۔جب چند خواتین جنہوں نے زیورات پہنے ہوئے تھے۔وہ ڈھوک جمعہ کی ایک آباد گلی میں سے رکشے میں گھر جا رہی تھیں۔کہ مسلح ڈاکو جو ان کا نجانے کہاں سے پیچھا کرتے چلے آرہے تھے۔انہوں نے اسلحے کے زور پر رکشے کو روک لیا۔اور خواتین کو رکشے سے اتار لیا۔اس کے بعد انہوں نے رکشے والے کو بھگا دیا۔اور خواتین کے پرس چھین کر پیس نکال لیئے اور اس کے بعد ان کے طلائی زیورات اتارنے شروع کر دیئے خواتین کے شور مچانے پر ڈھوک جمعہ کا تقریباً پینتیس سالہ رہائشی محمد شفیق ولد محمد رفیق گھر سے باہر نکلا۔ڈاکوؤں نے اسے دیکھتے ہی فائرنگ کرکے اسے موقع پر ہی قتل کر دیا۔پیشتر اس کے کہ لوگ فائرنگ کی آواز اور خواتین کی چیخ و پکار سن کر موقع پر پہنچتے۔وہ مسلح ڈاکو ان خواتین سے لاکھوں روپے کی مالیت کے زیورات اور ان کے پرس میں موجود تمام رقم سمیٹ کر فرار ہو چکے تھے۔
ان دو واقعات کے علاوہ بھی جہلم میں کئی محلوں اور مقامات پر مسلح ڈکیتیوں کی وارداتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔جس سے جہلم کے لوگوں میں خوف و ہراس بڑھتا چلا جارہا ہے۔لوگوں نے انتظامیہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے۔کہ ڈکیتی کی ان بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام اور ان مسلح ڈاکوؤں کے قلع قمع کے لیئے مسلح پولیس کا گشت بڑھایا جائے۔جو دن رات اپنے فرائض منصبی سر انجام دیتے رہیں۔ ساتھ ہی ساتھ وہ ایسے شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔تاکہ عوام سکھ اور سکون کا سانس لے سکے۔
