جہلم۔(اختر شاہ عارف) المرکز کونسل کی ذیلی تنظیم ایم سی ڈبلیو اے (میٹرنٹی اینڈ چائیلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن) رجسٹرڈ المرکزجہلم کا ماہانہ اجلاس گلشن حقیق ہال المرکزجہلم میں منعقد ہوا۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کی سعادت ڈاکٹر حفصہ عابد نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سید اختر علی شاہ نے پیش کیا۔اس کے بعد تمام شرکاء نے مل کر قومی ترانہ پیش کیا۔قومی ترانے کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے تمام بیماروں کی صحت یابی اور پاکستان کی سلامتی کے لیئے دعا کرانے کے ساتھ ساتھ تمام مرحومین کی مغفرت کیلئے دعائے مغفرت کرائی۔ اجلاس شروع ہوتے ہی سب سے پہلے یوم علامہ اقبال کے حوالے سے علامہ اقبال کو بھر پور انداز میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا گیا۔کہ علامہ اقبال کے افکار ہمارے لیئے مشعل راہ ہیں۔اور ہم ان پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس کے بعد سیدہ شاہدہ شاہ جنرل سیکرٹری ایم سی ڈبلیو اے نے گزشتہ ماہانہ اجلاس کی کارروائی پڑھ کر سنائی۔کرنل(ر) محمد عبید مرزا فنانس سیکرٹری ایم سی ڈبلیو اے نے فنانس رپورٹ اور ایم سی سی ایچ سنٹر کی رپورٹ پیش کی۔ڈاکٹر شہزانہ امتیاز نے صنعت ذار جہلم میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے ہونے والے سیمینار کی رپورٹ اور ایم سی ڈبلیو اے رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام الحقیق ہال میں ہونے والے شاندار اور بابرکت محفل میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔اس کے بعد ماہ نومبر 2022ءمیں ایم سی ڈبلیو اے کے زیر اہتمام ہونے والے پروگراموں کے بارے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔اس سلسلے کا ایک پروگرام موٹاپے کے حوالے سے Sizzlers Restaurant جی ٹی روڈ جہلم میں ڈاکٹر شہزانہ امتیاز کی زیرِ نگرانی منعقد ہو چکا ہے۔اس سلسلے کا دوسرا پروگرام “فری میڈیکل کیمپ” جہلم کے نواحی گاؤں “رانجھا میرا” میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔تا کہ اس گاؤں کے زیادہ سے زیادہ لوگ اس فری میڈیکل کیمپ سے مستفید ہو سکیں۔اس پروگرام میں مختلف بیماریوں کے حوالے سے مثلاً ڈینگی،ذکام،نزلہ اور دیگر موسمی بیماریوں کے حوالے سے ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ سمیت دیگر مستند ڈاکٹرز کی ٹیم ان بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے تفصیل سے روشنی ڈالیں گی۔اس اجلاس میں ایم سی ڈبلیو اے کی نئی ممبر فروا ذیشان جو حال ہی میں ایم سی ڈبلیو اے کی نئی ممبر بنی ہیں۔ان کا تعارف تمام شرکاء سے کرایا گیا۔تمام ممبران و عہدیداران نے ان کو بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا۔ اس اجلاس میں ڈاکٹر شہناز شاہد اور ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم جو عمرہ کی مقدس ادائیگی کے لیئے جا رہے ہیں۔ان کے لیئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں الوداع کہا گیا۔اس اجلاس کے دیگر شرکاء میں ڈاکٹر شہزانہ امتیاز،ڈاکٹر شہناز شاہد،سیدہ شاہدہ شاہ،کرنل(ر)محمد عبید مرزا،ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جہلم،ڈاکٹرمحمد اسد مرزا،ڈاکٹر مرزا سعد اللہ بیگ،ڈاکٹر حفصہ عابد،ڈاکٹر عائشہ مرزا ،ڈاکٹرشیبا اکرم ہاشمی،فروا ذیشان،مسز فلک ناز سیٹھی،سید اختر علی شاہ اور دیگر ممبران و عہدیداران کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء کو پرتکلف چائے پارٹی دی گئی۔جس کی میزبانی مسز فلک ناز سیٹھی نے کی۔اس کے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔
