
جہلم(اختر شاہ عارف)جہلم فورم جہلم برانچ کے زیرِ اہتمام ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں مختلف امراض کے بہترین ماہرین اور تجربہ کار ڈاکٹرز کی ٹیم نے اس کیمپ میں آنے والے مریضوں جن میں مرد،خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔ ان کا فری طبی معائنہ کیا۔اور موقع پر ہی فری ادویات دی گئیں۔جہلم فورم کے جنرل سیکرٹری سید طاہر محمود شاہ ایڈوکیٹ،ڈاکٹر عصمت جاوید،فرشاد کیانی،طاہر برلاس،محمد ارشد احمد مرزا، محمد رفعت کیانی،چوہدری انور یعقوب صدر جہلم فورم مانچسٹر،راجہ نقاش، سعید صاحب،اشثیاق پال،شفیق مغل،حاجی یعقوب،چوہدری عبد الرفیق، چوہدری علی شان اور یاور قریشی استقبالیہ پر موجود ہر آنے والے کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی مطلوبہ ڈاکٹر کی طرف راہنمائی بھی کر رہے تھے۔جہلم فورم کی ٹیم کی دیگر خواتین عہدیداران اور ممبران میں آپا رشیدہ عزیز،سیدہ شاہدہ شاہ،عنبرین ملک،مستورہ بیگم ایڈووکیٹ اور دیگر شامل خواتین نے بھی اس فری میڈیکل کیمپ میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔اس کیمپ سے مستفید ہونے والے تمام مریضوں نے جہلم فورم کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا۔کہ اس کمر توڑ مہنگائی کے دور میں جبکہ ہر ایک کو روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔اور گھر کا چولہا جلانا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ایسی صورت حال میں ڈاکٹر ز کو چیک کرانا بھی ناممکن سا ہو کر رہ گیاہے۔ایسے دگر گوں حالات میں جہلم فورم جہلم برانچ کا یوں فری میڈیکل کیمپ لگانا ایک انتہائی احسن اور قابل صد ستائش قدم ہے۔یاد رہے کہ جہلم فورم اس سے پہلے بہت سے فلاحی کاموں میں انتہائی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور انتہائی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ان فلاحی کاموں میں صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان میں سیلاب متاثرین کے لیئے ان کے گھروں کی تعمیر،ان کے لیئے خیمہ بستیوں کا قیام،ان کے لیئے ادویات،کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی،وہاں پر پینے کے صاف پانی کے لیئے بور کروانا،فلٹریشن پلانٹ لگانا وغیرہ کے ساتھ ساتھ ضلع جہلم کے دور دراز علاقوں میں بھی پینے کے صاف پانی کی دستیابی،فلٹریشن پلانٹس،غریب لوگوں کے گھروں کی تعمیر میں مدد اور شادی بیاہ کے لیئے غریب لوگوں کی بساط سے بڑھ کر مدد وغیرہ شامل ہے۔
یہ کیمپ صبح آٹھ بجے سے لے کر شام پانچ بجے تک بل تعطل جاری رہا ۔
