وفاقی حکومت کسی بینک یا ادارے سے قرض بھی نہیں لینے دے رہی، اگر ہماری بات نہ سنی گئی تو دھرنا دیں گے۔محمود خان کی پریس کانفرنس
پشاور(نمائندہ قائم علی شاہ)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے وفاق سے فنڈز کی ادائیگی کا مطالبہ کردیا اور بصورت دیگر دھرنا دینے کی دھمکی دے دی۔اسلام آباد میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان کا کہنا تھاکہ جب سے وفاقی حکومت تبدیل ہوئی ہے ہمیں مالی مسائل کا سامنا ہے، وفاقی حکومت ہمارے واجبات فوری دے، یہ ہمارا حق ہے، ہم وفاق سے اپنا حق مانگ رہے ہیں کوئی بھیک نہیں مانگ رہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہمیں ضم شدہ اضلاع کے فنڈز نہیں مل رہے ہیں، بجٹ پر کافی کٹ لگادیا ہے، پیسے وفاق کے پاس پڑے ہوئے ہیں لیکن خیبرپختونخوا کو صحت کارڈ کے پیسے بھی نہیں دیے جارہے۔محمود خان کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا حکومت کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں ہیں، ہم تو این ایف سی میں اپنے شیئرز کے لیے لڑ رہے ہیں، وفاق نے سیلاب کی مد میں 10 ارب روپے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک پائی نہیں دی، یہ ہمیں کسی بینک یا ادارے سے قرض بھی نہیں لینے دے رہے، 55 ارب میں سے ہمیں ابھی تک 5.5 ارب روپے ملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے حق کے لیے آخری حد تک جائیں گے، اگر ہماری بات نہ سنی گئی تو پھر ہم دھرنا دیں گے اور اپوزیشن بھی ساتھ آئے گی، پھر بھی بات نہ سنی گئی تو خیبر پختونخوا کے عوام کو اکٹھا کرکے لائیں گے۔
