تحریر: برگیڈیئر ڈاکٹر احمد حسین مشوانی پرنسپل کبیر میڈیکل کالج پشاور
سکھر کا قیام میرے لئے ایک یادگار دور تھا اندرون سندھ اور چولستان کی سیر کے علاوہ سکھر سے کوئٹہ کا ریلوے کا تاریخی سفر اور کوئٹہ میں اوڑک ، کا ریز اور حنّہ جھیل کی سیر – کوئٹہ میں ایرانی اور افغانی سامان کی منڈیوں کی سیر ناقابل فراموش ہیں – جس کی شاید بہت سے دوستوں کو زندگی بھر حسرت رہتی ہے-اسی دوران میں نے سگریٹ ترک کرنے کا ناقابل یقین کارنامہ سر کیا، کیپٹن سے میجر بننے کا امتحان پاس کیا، ایف سی پی ایس حصہ اوّل کی تیاری کر کے مقابلہ کے امتحان میں منتخب ہوا اور اس کے نتیجے میں ایف سی پی ایس حصہ اوّل کا امتحان پاس کیا-بہر حال میرا تیسری بار راولپنڈی تبادلہ ہو گیا اور میں پنڈی پہنچ گیا-
- فوج کی تاریخ کا سب سے اہم اور لاڈلا بیچ/ گروۂ( جس میں میں شامل تھا):- جب میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیتیوٹ راولپنڈی (PGMI)پہنچا تو سب کچھ چند سال پہلے کی طرح تھا صرف ایک تبدیلی نظر آئی –
1) کلاس روم اور نشستیں:- تمام کلاس رومز کا تازہ رنگ روغن ہوا ،جیسا ہمارے ہاں شادی بیاہ سے پہلے نئی دلہن کے استقبال کے لئے ہوتا ہے- مگر ایک تبدیلی بطور خاص حیران کن تھی – سب کلاسوں میں وہی پرانے پچاس اور ساٹھ کی دھائی کے لکڑی کے لمبے لمبے بینچ اور ڈیسک تھے ، جن پر چند سال پہلے ہم بطور کپتان سپیشلازیشن کی تربیت اور کرنل صاحبان ایم ایس سی ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن کی تربیت کے دوران بیٹھتے تھے، مگر ایک کمرہ بالکل مختلف تھا- اس میں ئے صوفہ نماکرسیاں اور انفرادی میز تھے فرش پر قالین بچھی ہوئی تھے اور کمرے میں نشستوں کے پیچھے تقریباً آدھےحصے میںُ کھانے کا ایک بڑا میز اور آس پاس کھانا کھانے کی کرسیاں لگی ہوئی تھیں – کسی کو پتہ نہیں تھا کہ یہ کس کے لئے تھیں – تربیت کے لئے آئے ہوے افسروں کے ساتھ روا سلوک کے سابقہ تجربہ کی بنیاد پر ، ہمارے تو وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ہم جیسا کوئی اس کمرے میں بیٹھ کر تربیت حاصل کرے گا- مگر دل تو آخر دل ہے ہمارے دل میں آیا اور کچھ دوستوں نے آپس میں اس حسرت کا اظہار بھی کیا کہ کاش ہمیں بھی یسی جگہ بیٹھنا نصیب ہو-
2) تختہ سیاہ کی جگہ سفید بورڈ اور چاک کی جگہ مارکر:-چند نمایاں تبدیلیوں میں سے ایک تختہ سیاہ کی جگہ سفید تختہ (White Board) اور سفید چاک کی جگہ کپڑے یا فوم کے جھاڑن سے صاف ہونے والے کالے، سرخ اور رنگ برنگے مارکر آ گیے تھے-چاک سے اکثر ہاتھ تو گندے ہوتے ہی تھے ، وردی بھی کندی ہو جاتی تھی اور کبھی کبھی اگر غلطی سے گندہ ہاتھ چہرے پر لگ جاتا تو ادھر بھی نشان پڑ جاتا، غرض ہر چیز میں نفاست اور حسن آ گیا تھا-
3) جماعت(Class) کے شاہی شرکاء: -جب ہم دفتر میں کاغذی کاروائی سے فارغ ہوے اور ایک کرنل صاحب ہمیں کمرہ جماعت میں لے آئے اور عین اس کمرے میں بٹھایا یا جو شاہانہ انداز میں سجایا گیا تھا اور جس میں بیٹھنے کی حسرت تھی-اکثر ڈاکٹر کبھی اس ماحول اور کمرے کی زیب وذینت جو دیکھتے کبھی ایک دوسرے کو دیکھتے کہ یہ سچ ہے کہ خواب ایک انہونی سی چیز نظر آ رہی تھی-ہم میں سے کچھ تو ایک دوسرے کو جانتے تھے کچھ انجان تھے-جو انجان تھے انہوں نے فقط نام سے اپنا تعارف کروایا- تھوڑی دیر بعد ایک جنرل صاحب آئے اپنا تعارف کروایا اور سب سے مختصر تعارف پوچھا تو معلوم ہوا کہ ہمارے ساتھ اس وقت کے صدر جنرل ضیاء الحق (شہید) کے صاحبزادے انوار الحق ، صدر صاحبکے داماد کا بھائی اور دو تین لیفٹینینٹ جنرل صاحبان اور کچھ بڑے (Senior) افسروں کے بچے بھی اس جماعت میں شامل تھےاور ہماری ناقابل یقین حد تک عزت افزائی اور پزیرائی ان ہی کی مرہون منت تھی –
کرے جس قدر شکرِنعمت، وہ کم ہے
مزے لُوٹتی ہے ،زباں کیسے کیسے
4) اساتذہ کی حیرت انگیز شفقت اور محبت:-ایک اور واضع تبدیلی یہ تھی کہ تقریباً سب پی اساتذہ پہلے دن ، خاص موقع کے لئے مخصوص نئی وردی پہن کر لیکچر کے لیے آۓ تھے-ہر فوجی کے پاس ایس- ڈی اور میس کٹ کے علاوہ کم از کم تین جوڑے وردی ہوتی ہے- ایک عام استعمال کے لۓ، ایک ہنگامی صورتحال کے لیے اور ایک خاص موقع کے لئے ، قلف اور استری شدہ وردی-جس کو آپ سادہ زبان میں یوں بیان کر سکتے ہیں کہ دولھا بن کے آۓ تھے -جیسے صدر صاحب کے صاحبزادے نہیں بلکہ صدر صاحب خود کلاس میں بیٹھے ہوں-سب اساتذہ ہر بچے کو اپنا یا صدر صاحب کا بچہ سمجھ کر انتہا درجہ کی محبت اور شفقت سے پیش آتے تھے-جو مجھے تو ایک استاد کی فطری محبت لگ رہی تھی- مگر آرمی میڈیکل کالج کے جن دوستوں نے ان سے پانچ سال پڑھا تھا -وہ انگشت بدن دان تھے کہ ہمارے ان اساتذہ میں یہ تبدیلی ایک حقیقت ہے یا خواب-کیونکہ ان میں سے بعض اساتذہ کا روئیہ تو طلباء کے ساتھ انتہائی ذوق اتر آمیز ہوتا تھا-اور ایک آدھ استاد تو اس بات کے لئے بدنام تھا کہ سال کے شروع میں کسی ایک شریف طالبعلم کو منتخب کر کے اس کا کوئی طنزیہ نام رکھ دیتا اور سارا سال کلاس کے سامنے مزاق سے اس کی تذلیل کرتا- مگر اس بیچ میں شاگردوں سے زیادہ استاد با ادب تھے-
5) ہمارے ایس ٹی او (STO=Senior Trainee Officer) :- ہم سب کپتانوں اور تین چار سول ڈاکٹروں کے ساتھ ایک میجر صاحب تھے جو ہمار ے سربراہ (Leader ) تھے-جو ایک انتہائی شریف اور سنجیدہ شخصیت تھے -ایک چیز جو میں نے محسوس کی کہ اکثر افسر تربیت پر آنے سے پہلے اُفسری کے موڈ میں سنجیدہ رہتے تھے مگر کورس میں دوستوں کے ساتھ مل کر ہلکی پھلکی شرارتیں اور ہنسی مذاق کرتے تھے جب کے ہمارے سنئیر یعنی بالا افسر جو ایک انتہائی اچھے انسان اور دوست تھے مگر اکثر سنجیدہ رہتے تھے اور ان کے رویہ میں، کورس کے باقی شرکا کے مقابلے میں واضع فرق تھا اور اس میں پختگی اور بلوغت کا عنصر نمایاں تھا-جس کی ایک وجہ تو ان کی اپنی فطرت تھی تو دوسری طرف ان کی میجری اور سنیارٹی ان کو اپنے سے چھوٹے لوگوں (Juniors) کے ساتھ گھلنے ملنے اور (Frank)ہونے میں مخل تھی۔- چائے کا وقفہ میں شاہی مہمان نوازی:- ایک طرف کپتان سے لے کر کرنل تک سب کے لئے ایک کھوکھہ نما کینٹین تھی -جو شکل و صورت میں توکسی بھی کالج یا سکول کے باہر چائے کے ڈابہ سے مماثلت رکھتی تھی مگر معیار قابل رحم تھا – اندر بیٹھنے کی جگہ نہیں تھی، طلباء ہاتھ میں سموسہ اور چائے لے کر کھڑے کھڑے چائے پی لیتے یا کینٹین کے باہر چھوٹی سی کھلی جگہ میں دو چار ٹوٹی پھوٹی کرسیوں پر بیٹھ جاتے-دوسری طرف ہمارے لئے کلاس روم کے اندر پڑھائی کے لئے مختص جگہ کے پیچھے کھانے کے خوبصورت میز اور کرسیوں (Dining Table and chairs) اور( سنا ہے کہ )پشاور کے بارہ مارکیٹ سے بیرونی ممالک کے مخصوص برتنوں کا اہتمام کیا گیا تھا- اور اگر ایک طرف کرنل صاحبان سمیت سب اپنی مدد آپ کے تحت چائے سموسے لے کر کھا رہے تھے تو ہماری خدمت پر کالج کا بہترین بیرا” نیلا خاں” مامور تھا- جو اپنی سرخ و سفید رنگ اور نیلی آنکھوں سے کو انگریز یا گورا لگ رہا تھا اور سفید شلوار قمیض ،کال واسکٹ اورقراقلی ٹوپی (جناح کیپ)کے رسمی لباس میں اصلی “شاہی بیرا لگتا تھا- ہر روز نت نئے کھانے پیش کئے جاتے تھے- غرض وہ فوج تو کیا زندگی کا بہترین دور تھا-کیونکہ ہمیں زیر تربیت (Trainee ) ہونے کے باوجود وہ عزت ملی جس کا کوئی بھی فوجی تصور نہیں کر سکتا-
- جنرل ضیاء الحق کا حادثہ:- ہمارے کورس کے دوران ہی جنرل ضیاءالحق صاحب کا حادثہ ہوا اور وہ شہید ہوگئے -جس سے ساری قوم کی طرح ہمیں بھی بہت دکھ ہوا بلکہ ابرار الحق کے ساتھ دوستی اور قربت کی وجہ سے ہمیں زیادہ صدمہ پہنچا-مگر اس ساںحہ کے ساتھ کچھ اور یادیں اس سے بھی درد ناک تھیں-
1) ٹی بریک میں یکلخت ناغہ:-سانحہ بہاولپور کے اگلے دن سے ہماری شاہی دعوت اور کھانے پینے کا سرکاری انتظام نا معلوم وجوہات کی بنا پر رک گیا- جب بعد میں اعلان ہوا کہ صدر صاحب کا خاندان اپنی رہائش گاہ میں ہی رہیگا اوران کی ساری سہولیات جاری رہینگیں اور اس کے بعد صدر صاحب کے داماد کے بھائی نے دوبارہ کلاس میں آنا شروع کیا تو ہماری سرکاری دعوت اور ضیافت بھی دوبارہ بحال ہو گئی-
زمینِ چَمَن گل کھِلاتی ہے کیا کیا
بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے
2) کریم کے سموسے:- جب ہماری سرکاری دعوت بند ہوئی تو ہم نے راولپنڈی صدر کے بینک روڈ پر واقع کریم ہوٹل کے مشہور سموسے منگوا کر چائے کے ساتھ کھانے شروع کر دئیے -اور اس کا ایسا مزہ آیا کہ اپنے تربیت کے بقیہ سارے عرصہ میں ہم وہ سموسے منگوا کر کھایا کرتے تھے- اور ہمارے اس دور کے دوست ابھی تک ان کو یاد کرتے ہیں- - سب سے لائق دوست کی امتحان میں ناکامی:- اس کورس کی ایک خاص بات یہ تھی کہ سب سے لائق دوست فیل ہو گیا -جس کی نہ کسی کو سمجھ آرہی تھی نہ یقین -صرف ایک ہی تشریح ہو سکتی تھی کہ ایم سی کیو کی ترتیب میں زرہ سی غلطی سے سب سوالوں کے جواب غلط ہو گئے-اور وہ فیل ہو گیا-
- امتحان میں کامیابی اور میرا لاہور تبادلہ
- جنرل نثار کا مجھے نیورو سرجری میں آنے کی دعوت:- جب میں ایف سی پی ایس حصہ اوّل میں پاس ہوا تو جنرل نثار نے مجھے نیورو سرجری میں آنے کی دعوت دی مگر اس دے پہلے میرا تبادلہ سی ایم ایچ لاہور ہوگیا تھا-اور لاہور میں انجنئیرنگ یونیورسٹی میں پڑھ رہا تھا دوسرا فوج میں ہم اکثر دوستوں سے سنتے تھے کہ ” جس نے لاہور نہیں دیکھا اس نے کچھ نہیں دیکھا”-اس لئے میں نے ان سے کہا اب مجھے لاہور جانے دیں بعد میں آپ کو بتاؤنگا- لاہور میں میں نے جو حال نیورو سرجری کا دیکھا تو فیصلہ بدل دیا-
- جنرل ضیاء کا ایک بچی کو آئی ٹی سی میں دیکھنے کے لئے آنا:- جنرل نثار کے ذکر سے مجھے جنرل ضیاءالحق کا ایک واقع یاد آیا -آئی ٹی سی میں میری ڈیوٹی تھی کہ جنرل اشتیاق اور جنرل نثار دونوں ( جو اس وقت بریگیڈئیر تھے) ادھر آئے اور مجھے بھی بلایا کہ جنرل ضیاء الحق دماغ کی رس ولی کی ایک بچی کو دیکھنے آ رہے ہیں جس کی والدہ نے انہیں درخواست دی ہے کہ اس کی بچی کو بیرون ملک علاج کے لئے بھیجا جائے- صدر صاحب نے جنرل نثار سے پوچھا کہ اگر اس کی جان باہر بھیجنے سے بچ سکتی ہے تو بتا دیں کہ اس کو بھیج دیں- مگر نثار صاحب نے بتایا کہ سرطان کافی پھیل چکا ہے کچھ فائدہ نہیں ہوگا- یہ جنرل ضیاءالحق شہید کی خدا ترسی اور رحمدلی کا آنکھوں دیکھا واقع تھا-
نہ گورِ سکندر، نہ ہے قبرِ دارا
مِٹے نامِیوں کے نِشان کیسے کیسے - رینک لگانے کی تقریب اور جنرل پال کے ریمارکس:- کورس کے اختتام تک میرا میجر رینک آگیا تھا مگر میں نے فیصلہ کیا تھا کہ اگر امتحان میں پاس ہوا تو جنرل پال سے اپنے رینک لگواؤں گا جو آرمی میڈیکل کور کے نیایت باوقار اور قابل جرنیل تھے -اور اگر امتحان میں فیل ہو گیا تو رینک اپنے اردلی (Batman) سے لگواؤں گا-اللہ نے عزت رکھ لی اور میں پاس ہوا-جب جنرل پال نے پاس ہونے والے افسروں کو ملاقات اور مبارکباد کے لئے بلایا تو تربیت کے انچارج افسر نے اسے میری میجر کی عہدے پر ترقی کا بتایا تو انہوں نے خود ہی مجھے رینک لگانے کا فیصلہ کیا- جب ایک کندھے پر انہوں نے کپتانی ہٹا کر میجر رینک لگایا اور دوسرے کندھے پر ابھی کپتانی لگی تھی تو انہوں نے کہا –(Now you look mature) یعنی اب آپ بالغ اور سمجھدار لگ رہے ہیں – مجھے اس وقت ہنسی آئی کہ ابھی تو آدھی میجری لگی ہے اور توقعات اتنی ہیں پوری میجری سے کیا ہوگا-بہر حال بہت اچھا لگا-
- اس کورس کے بعد میرا تبادل لاہور ہوا اور میں سی ایم ایچ لاہور چلا گیا-(جاری ہے).
