دھماکے کی جگہ ایک اور موجود دستی بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔پولیس
کوئٹہ(نمائندہ عائشہ اکبر)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک بچی اور ایک خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق سبزل روڈ پر دھماکے میں چار افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان سول اسپتال کے مطابق دھماکے کے زخمی افراد اسپتال کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہیں، زخمیوں میں ایک بچی اور ایک خاتون بھی شامل ہے، زخمیوں کی شناخت عبدالقیوم، زبیر احمد،کائنات اور بی بی حوا کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق دھماکےکے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، دھماکے کی جگہ ایک اور موجود دستی بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مزمت کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنےکی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ شہر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ امن کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔
