
ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ میونسپل سروسز کے بہتر استعمال اور ان سے تادیر استفادہ حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ شہریوں کو ان وسائل کے استعمال کی تربیت بھی دی جائے تاکہ ان کا ضیاع روکا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ گھرانے مستفید ہوں، صاف پانی کے استعمال میں اعتدال، گلی محلے کی صفائی میں شرکت اور سیوریج لائنوں کو بند ہونے سے بچانا شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے جس کیلئے آگہی مہم چلائی جانی چاہیے۔ انہوں نے یہ بات شہر میں جاری پسپ پروگرام کے دفتر کے دورے کے موقع پر کہی جس دوران انہوں نے آفس کے لان میں یادگاری پودا لگایا اور نئے سال کا کیک بھی کاٹا۔ سٹی مینجر محمد اسجد علی خان اور ان کی ٹیم نے کمشنر کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پروگرام کے مختلف منصوبوں کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائیرکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کاشف محمود اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے اور سٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔ انہوں نے پسپ پراجیکٹ پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے، مقامی آبادی کو آن بورڈ لینے اور کھدائی کے بعد فوری مرمت پر توجہ دینے کی خصوصی ہدایت کی اور امید ظاہر کی کہ اس بڑے منصوبے کی تکمیل سے ساہیوال شہر کے سیوریج اور پینے کے پانی کی دستیابی کے بڑے مسائل حل ہونگے اور شہر کو مزید گرین اور صاف ستھرا بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سے پہلے سٹی مینجر محمد اسجد خان نے کمشنر کو پسپ کے کام کے طریقہ کار، مختلف جاری منصوبوں پر اب تک کی پراگریس اور درپیش مشکلات بارے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ کمشنر آفس، ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے تعاون سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے اور پوری کوشش ہے کہ تمام منصوبے اس سال کے آخر تک مکمل کر لئے جائیں تاکہ شہریوں کو ان سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملے۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے پروگرام سے منسلک ملازمین سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی اور ان کے کام کی نوعیت بارے سوالات کئے۔ انہوں نے سوشل موبیلائزر کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ مقامی آبادی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ان کی تربیت پر خصوصی توجہ بھی دیں۔
