بلوچستان کا وفاق سے سرکاری قیمت پر 6 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کا مطالبہ

Spread the love

گندم کی کمی کے بحران پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ عوام کو سستے داموں میں آٹا دستیاب ہو سکے۔وزیر خوراک بلوچستان

کوئٹہ:(نمائندہ عائشہ اکبر)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق بلوچستان حکومت نے وفاق سے سرکاری قیمت پر 5 سے 6 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔ایک بیان میں صوبائی وزیر خوراک زمرک خان نے کہا کہ حکومت صوبے میں گندم کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہی ہے، گندم کی کمی کے بحران پر قابو پانے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ عوام کو سستے داموں میں آٹا دستیاب ہو سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب اور دیگر نامساعد وجوہات کی بنا پر 10 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف حاصل نہ کیا جاسکا اور محکمہ خوراک صرف 3 لاکھ ٹن گندم ہی خریدسکا جب کہ پاسکو سے بھی 2 لاکھ ٹن گندم خریدی گئی ہے۔زمرک خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وزیر خوراک سے ملاقات کرکے گندم کی خریداری کی بات کی تھی،  انہوں نے 6 لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی جب کہ ہم نے حکومت سندھ سے بھی گندم کی خریداری کی کوشش کی تاہم سیلاب کے باعث پورے ملک میں گندم کی صورتحال خراب ہونے کی وجہ سے ابھی تک گندم کا حصول ممکن نہیں ہو سکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں