جامعہ کراچی مڈل کلاس طلبقہ کی جامعہ ہے اور شہر کراچی اور ملک پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے۔باسق بن ندیم
کراچی(نمائندہ رخسار بٹ)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ترجمان باسق بن ندیم کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی سندھ اور گورنر سندھ جامعہ کراچی کے لیے خصوصی بیل آؤٹ پیکیج کا اعلان کریں، کراچی جیسی عظیم درسگاہ کو تماشہ نہ بنایا جائے۔باسق بن ندیم نے کہاکہ جامعہ کراچی میں مالی بحران کو بنیاد بناتے ہوئے اگر فیسوں میں اضافہ کیا گیا تو بھرپور مزاحمت کریں گے،جامعہ کراچی گذشتہ سال 2022 میں 4 مرتبہ اساتذہ کے کلاسز کے بائیکاٹ کی وجہ سے بند ہوچکی ہے اور سالِ نو 2023 میں بھی مالی بحران کی بنیاد پر دوبارہ بائیکاٹ کی باتیں زبان زدِ عام ہیں۔ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی یونیورسٹی میں متعدد بار تدریسی عمل کے تعطل کا براہِ راست نقصان صرف طلبہ و طالبات کو پہنچتا ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں مقررہ تاریخ پر ہونے والے پرچے ملتوی کردیے جاتے ہیں اور ساتھ ہی کلاسز کا بھی یہی معاملہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کو پوائنٹس چلانے کے لئے بھی فنڈز کی کمی کا سامنا ہے.گذشتہ سال بھی کچھ مواقع پر ایوننگ کے طلبہ و طالبات کے پوائنٹس کو ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے مقررہ روٹس پر روانہ نہیں کیا گیا جس کی وجہ فیول کے بل کی عدم ادائیگی بتائی گئی جس کے بعد اسلامی جمعیت طلبہ کی کوششوں اور فوری ملاقاتوں کے نتیجے میں پوائنٹس کو ان کے روٹس پر روانہ کیا گیا۔ باسق بن ندیم نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق جامعہ کی آمدن سال 2022 میں 7.2 بلین ہے جبکہ اس کے اخراجات 8.4 بلین ہیں، جن میں اساتذہ کی تنخواہیں، الاؤنسز، پینشن بھی شامل ہیں آخر کس قائدے و کلیے کے تحت چالیس ہزار سے زاید طلبہ کی اس جامعہ کو اس کے اخراجات سے کم گرانٹ دی جارہی یے۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کا انفراسٹرکچر انتہائی خراب حالت میں ہیں جامعہ کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں جن کی تعمیر طویل عرصے سے نہیں ہوسکی اور انفراسٹرکچر کی حالت یہ ہے کہ حال ہی میں کلیہ سماجی علوم کے ایک شعبہ کی کلاس کی چھت گرگئی جس میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی نے کہا کہ ہم گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے نہ صرف جامعہ کراچی کی سالانہ بجٹ میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہیں بلکہ ہنگامی بنیادوں پر جامعہ کے لیے ایک بیل آؤٹ پیکیج کا بھی مطالبہ کرتے ہیں تاکہ جامعہ کراچی اپنے مالی مسائل سے چھٹکارا پا سکے۔باسق بن ندیم کا کہنا تھا کہ نے واضح کیا کہ اگر مالی بحران کو بنیاد بناتے ہوئے جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کی فیسوں میں اضافہ کیا گیا تو بھر پور مزاحمت اور احتجاج کریں گے ، جامعہ کراچی مڈل کلاس طبقہ کی جامعہ ہے اور شہرِ کراچی اور ملکِ پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے۔
