جہلم(اختر شاہ عارف)آٹا اور دیگر اشیائے خوردونوش کے بعد اب پٹرول کا بھی بحران پیدا کر دیا گیا ہے۔یہ تصاویر جہلم مشین محلہ نمبر ایک میں واقع ایک پٹرول پمپ کی ہے۔جہاں جہل شہر کے مختلف پٹرول پمپس پر پٹرول کی دستیابی نہ ہونے کے باعث لوگ اس پٹرول پمپ کا رخ کر رہے ہیں۔رکشے،چنگ چی اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔اور پٹرول پمپ کے ملازمین اپنے واقف کاروں کو ان لمبی قطاروں سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے انہیں بلا بلا کر ترجیحی بنیادوں پر پہلے پٹرول مہیا کر رہے ہیں۔اور جب کوئی اعتراض کرتا ہے تو انتہائی بد تمیزی سے پیش آتے ہیں۔اس حکومتی دورانیئے کو ابھی کچھ ماہ ہی ہوئے ہیں۔مگر اس مختصر سے عرصے میں ہی پاکستان اشیائے خوردونوش سمیت ان گنت بحرانوں کا یوں شکار ہو چکا ہے۔کہ جیسے پتھر کے زمانے میں پہنچ گیا ہو۔غریب اور دیہاڑی دار طبقہ تو درکنار،متوسط طبقے سے اوپر کے لوگوں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔غربت کے باعث لوگ بچوں سمیت خودکشیاں کر رہے ہیں۔مگر حکومتی نیرو چین کی بنسری بجانے میں مصروف ہیں۔اور ان کے حاشیہ بردار”سب اچھا”کا راگ الاپتے نہیں تھکتے۔بجلی کا بحران،گیس کا بحران،آٹے کا بحران،چینی کا بحران،اشیائے خوردونوش اور اشیائے ضروریات زندگی کی قلت۔غرضیکہ کوئی ایک بھی ایسی چیز نہیں ہے۔جس پر اس حکومت نے غربت و افلاس کی چکی میں پستی ہوئی اس بھوکی ننگی جنتا کو ریلیف دیا ہو۔اسلام میں قوم کا سردار قوم کا خادم ہوتا ہے ۔مگر پاکستان میں تو عوام کے ووٹوں کی بھیک مانگ کر ملک کے سرداربننے والے عوام کو اپنا خادم بنا لیتے ہیں۔ایک سروے کے مطابق پاکستانی عوام جھولیاں پھیلا پھیلا کر اس نااہل حکومت کو بد دعائیں دے رہی ہے۔جس نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔انہوں نے یہ عہد بھی کیا ہے کہ اس بار وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اپنا وہ نمائیندہ چنیں گے۔ جو صحیح معنوں میں ان کی نمائیندگی کر سکے۔
