کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی لازوال جدوجہد آزادی کو ظلم اور جبر سے دبایا نہیں جا سکتا

Spread the love

ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی لازوال جدوجہد آزادی کو ظلم اور جبر سے دبایا نہیں جا سکتا، پاکستان کا ہر فرد اپنے کشمیری بھائیوں اوربہنوں کو اس عظیم جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو کشمیری عوام کی جدوجہد اور تحریک آزادی سے روشناس کرایا جائے تاکہ اس غیر متزلزل حمایت کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ انہو ں نے یہ بات ضلع کونسل ہال میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر امتیاز احمد خان کھچی ،ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،اے ڈی سی جنرل سید عثمان بخاری ،ڈائریکٹر کالجز محمد مسعود فریدی،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق ،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد وسیم اکرم ،سی ای او ایجوکیشن محمد سعید اور ڈی ای او سکینڈری خادم حسین موہل ،پروفیسر ہسٹری عمران جعفر کمیانہ ،سی او ضلع کونسل محمد عثمان گوندل اور ممبراسلامی نظریاتی کونسل سید ضیاءاللہ شاہ بخاری سمیت اساتذہ ،طلبا و طالبات اور سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی -انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد سے اظہار یک جہتی پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھورنے کا ذریعہ ہے تاکہ ان مظلوم کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کو رکوا کر انہیں حق خود ارادیت دلایا جائے جس کا وعدہ اقوام عالم نے 75سال پہلے ان سے کیا تھا۔ پروفیسر عمران جعفر کمیانہ نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کی جدوجہد کے تاریخی پس منظر پر تفصیل سے روشنی ڈالی اوربتایا کہ ان کی جدوجہد 75سال سے نہیں بلکہ 175سال سے جاری ہے جب 1849میں انگریز سرکار نے پوری ریاست کو صرف 75لاکھ روپے کے عوام ڈوگرہ خاندان کو بیچ دیا جس کا بیانہ صرف13سو روپے دیا گیا -سید ضیاءاللہ شاہ بخاری نے کہا کہ کشمیری پاکستان سے لازوال محبت کرتے ہیں جن کا ثبوت ہر شہداءکی اپنی لاش پاکستان کے پرچم میں لپٹ کر دفن ہونے کی خواہش ہے -یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیر ی عوام پر ہونے والے ظلم و ستم بارے تصویری نمائش بھی لگائی گئی جس کا اہتمام ساہیوال آرٹس کونسل نے کیا تھا جبکہ اس موقع پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی -سکول کے ایک طالب علم محمد طلحہ رحمان نے طلبا و طالبات کی نمائندگی کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اظہار کیا جس کو کمشنر شعیب اقبال سید نے بے حد سراہا اور محمد طلحہ رحمان کی تقریر کو اپنے جذبات کی ترجمانی قرار دیا -سیمینار کے بعد یکجہتی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جو ضلع کونسل ہال سے شروع ہو کر ڈی سی آفس تک کی گئی جس کے اختتام پر کشمیریوں کی جدوجہد کی کامیابی کےلئے خصوصی دعا کرائی گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں