وزیراعظم کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی اب 7 کی بجائے 9 فروری کو ہوگی.وزیر اطلاعات
اسلام آباد:(نمائندہ ذیشان نجم خان)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ تبدیل کردی گئی۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی دہشتگردی کے مسئلے پر بلائی گئی اے پی سی 7 کے بجائے 9 فروری جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس میں ملک کی تمام قومی وسیاسی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اے پی سی میں دہشتگردی، درپیش چیلنجز کے مقابلے کی مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی جب کہ نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی ہوگی۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت کو اب تک حکومت کی جانب سے اے پی سی میں شمولیت کا باضابطہ دعوت نامہ نہیں ملا۔
